سعودی عرب نے عرب ممالک اور انڈیا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی ہے۔
اجلاس میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی نمائندگی کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے انڈر سیکریٹری برائے کثیر الجہتی بین الاقوامی امور ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی نے انڈیا، عرب فورم کے دوسرے وزارتی اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اجلاس آج ہفتے کے روز انڈیا کے دار الحکومت نیودہلی میں منعقد ہوا۔
سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعاون
اجلاس میں عرب ممالک اور انڈیا کے درمیان سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں شرکا نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے اور عملی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عرب ممالک اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں وسعت پیدا کرنے کے لیے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دی جائے۔
اس حوالے سے مستقبل میں قریبی رابطے، باہمی شراکت داری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
اس اہم وزارتی اجلاس میں انڈیا میں سعودی سفیر ہيثم المالکی بھی موجود تھے جب کہ عرب لیگ کے شعبہ جات کے ڈائریکٹر اور مشیر عماد الیاس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
شرکا نے انڈیا، عرب فورم کو دونوں خطوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔
عالمی حالات اور ریاستوں کے مابین تعلقات پر نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس عرب ممالک اور انڈیا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
اس سے آنے والے برسوں میں سیاسی ہم آہنگی، معاشی شراکت و ثقافتی تبادلوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔