خالد نواز چیمہ
جدہ
پاکستان قونصلیٹ جدہ میں نادرا سروسز کے رجسٹریشن ایگزیکٹو افسر محمد کاشف علی اپنی دو سالہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد پاکستان روانہ ہو گئے۔
اس موقع پر ان کی بے لوث خدمات، اعلیٰ کردار اور جذبے کے اعتراف میں مسلم لیگ (ن) جدہ ریجن کے زیرِ اہتمام جذبات سے بھرپور الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے اس بات کا بھرپور اظہار ہوا کہ محمد کاشف علی نے مختصر مدت میں کمیونٹی کے دلوں میں خاص مقام بنا لیا تھا۔
شرکاء نے متفقہ طور پر اس امر کا اعتراف کیا کہ انہوں نے نادرا سروسز کو محض ایک سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ خدمتِ خلق سمجھ کر ادا کیا۔
اس موقع پر چیئرمین مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چوہدری اکرم گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد کاشف علی کی سب سے بڑی خوبی ان کی دیانت داری، خوش اخلاقی اور عوام دوست رویہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ کاشف علی نے اکثر مقررہ ڈیوٹی اوقات سے بڑھ کر خدمات انجام دیتے تھے اور بلا تفریق ہر پاکستانی کی رہنمائی اور مدد کرتے تھے، جس کے باعث ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت اور اطمینان میسر آیا۔
الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد کاشف علی آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ جدہ اور یہاں کی پاکستانی کمیونٹی ان کے دل کے بہت قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وطن واپسی سروس کے تقاضوں کے تحت ناگزیر ہے تاہم جدہ میں گزارا گیا وقت، لوگوں کی محبت اور عزت ہمیشہ ان کے دل میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے پاکستان قونصلیٹ کے افسران، مسلم لیگ (ن) جدہ ریجن اور پوری پاکستانی کمیونٹی کا خلوص اور تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر صدر مسلم لیگ (ن) جدہ ریجن عمر مسعود پوری نے محمد کاشف علی کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسران اداروں کا سرمایہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے محمد کاشف علی کے روشن مستقبل، مزید ترقی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی، جس پر شرکاء نے آمین کہہ کر جذباتی انداز میں الوداع کہا۔