فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے آسٹریا کو 0-2 سے شکست دے کر اپنی برتری اور ٹائٹل کے دفاع کے عزائم مزید مضبوط کر دیے۔
ڈیلاس کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ایک بار پھر لیونل میسی ہیرو ثابت ہوئے، جنہوں نے دونوں گول اسکور کر کے میچ کا رخ مکمل طور پر ارجنٹینا کے حق میں موڑ دیا۔
مزید پڑھیں
میسی نے اگرچہ نویں منٹ میں حاصل ہونے والی پنالٹی ضائع کر دی، تاہم انہوں نے 38ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اپنی غلطی کا ازالہ کر دیا۔
آسٹریا نے میچ میں واپسی کی کوشش کی، لیکن ارجنٹائنی دفاع نے انہیں کوئی بڑا موقع فراہم نہیں کیا۔
میچ کے آخری لمحات میں، 90+5ویں منٹ پر میسی نے دوسرا گول
کر کے فتح پر مہر ثبت کر دی۔
ارجنٹینا نے پورے میچ میں کھیل پر کنٹرول برقرار رکھا۔
ٹیم نے 54 فیصد گیند اپنے پاس رکھی، 11 شاٹس لگائے جن میں سے 5 ہدف پر تھے، جبکہ آسٹریا صرف ایک بار ہی گول پر مؤثر شاٹ لگا سکا۔
متوقع گولز (xG) کے اعداد و شمار بھی ارجنٹینا کی برتری ظاہر کرتے ہیں، جہاں فاتح ٹیم کا xG 2.62 رہا جبکہ آسٹریا صرف 0.50 تک محدود رہا۔
اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے گروپ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن کر لیے ہیں، جبکہ آسٹریا کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے اپنے آئندہ میچ میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔
اسٹار فٹبالر میسی نے ورلڈ کپ 2026 میں اب تک سب سے زیادہ گول کئے ہیں جن کی تعداد 5 ہے جبکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں 18 گول کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔
ارجنٹینا کے کپتان اور عالمی فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سنہری باب رقم کرتے ہوئے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
یوں وہ جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاف کلوزے کے 16 گولوں کا ریکارڈ توڑ کر تنہا سرفہرست آ گئے۔
واضح رہے کہ یہ میسی کا چھٹا ورلڈ کپ بھی ہے، جو منفرد عالمی ریکارڈ ہے اور وہ یہ اعزاز پرتگال کے عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ مشترکہ طور پر رکھتے ہیں۔
مزید برآں، آسٹریا کے خلاف میچ ان کے کیریئر کا 28واں ورلڈ کپ میچ تھا، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی ہے۔