کوانٹم کمپیوٹنگ طویل عرصے سے ایسے تکنیکی انقلاب کے دہانے پر کھڑی ہے جس کا انتظار پوری دنیا کو ہے۔
مزید پڑھیں
روایتی کمپیوٹرز کے مقابلے میں کوانٹم کمپیوٹرز کی نظریاتی صلاحیت بے پناہ ہے، لیکن ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ’کیوبٹس‘ کا عدم استحکام اور ان میں خرابیوں کا بڑھتا ہوا تناسب رہی ہے۔
ماجورانا2 اور کوانٹم کمپیوٹنگ
مائیکروسافٹ کوانٹم ڈویژن نے حال ہی میں ’ماجورانا 2‘چپ متعارف کرائی ہے۔
یہ چپ روایتی انداز کے برعکس صرف کیوبٹس کی تعداد بڑھانے پر توجہ دینے کے بجائے کیوبٹ کی بنیادی ساخت کو محفوظ بنانے پر کام کرتی ہے، تاکہ اسے بیرونی شور اور مداخلت سے بچایا جا سکے جو طویل عرصے سے اس شعبے کے لیے چیلنج بنا ہوا تھا۔
ہزار گنا بہتری کا دعویٰ
مائیکروسافٹ کے مطابق ماجورانا2 اپنی پیشرو چپس کے مقابلے میں کیوبٹ کی قابل اعتمادی میں ایک ہزار گنا بہتری لاتی ہے۔
اس چپ میں کیوبٹس کی حالت برقرار رکھنے کا وقت 20 سیکنڈ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ کچھ تجرباتی ماڈلز میں یہ دورانیہ ایک منٹ تک بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
2029 تک کوانٹم کمپیوٹر کا ہدف
ان تکنیکی کامیابیوں کے بعد کمپنی نے 2029 تک ایک عملی اور قابلِ توسیع کوانٹم کمپیوٹر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
مواد کی نئی اقسام، انجینئرنگ میں بہتری اور مصنوعی ذہانت کے استعمال نے اس ہدف کو متوقع وقت سے کئی سال پہلے ممکن بنا دیا ہے جس سے کوانٹم تحقیق میں تیزی آئی ہے۔
کیوبٹس کو محفوظ بنانے کا نیا طریقہ
گوگل اور آئی بی ایم جیسی کمپنیاں سپر کنڈکٹنگ کیوبٹس پر انحصار کرتی ہیں، جبکہ مائیکروسافٹ نے ’ٹولوجیکل کیوبٹس‘ کا انتخاب کیا ہے۔
کمپنی نے چپ کی ساخت میں ایلومینیم کی جگہ لیڈ (سیسہ) اور انڈیم آرسینائیڈ کا مرکب استعمال کیا ہے، جس سے بیرونی اضطراب کے خلاف کیوبٹس کا دفاع اور استحکام پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔
مصنوعی ذہانت کا کردار
مائیکروسافٹ نے اس چپ کی تیاری میں ایجنٹک اے آئی پر مبنی اپنا ’ڈسکوری‘ پلیٹ فارم استعمال کیا ہے۔
اس ٹیکنالوجی نے 2 دہائیوں کے تحقیقی ڈیٹا کا تجزیہ کیا، درست مواد کا انتخاب کیا اور تجرباتی مراحل کو ہفتوں سے گھنٹوں تک سمیٹ دیا، جس سے چپ کے فزیکل ڈیزائن کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
کیا یہ صارفین کے لیے دستیاب ہے؟
فی الحال ماجورانا 2 لیبارٹری کی سطح کی ٹیکنالوجی ہے، جو انتہائی ٹھنڈے ماحول اور پیچیدہ کولنگ سسٹمز میں کام کرتی ہے۔
یہ عام صارفین کے کمپیوٹرز یا اسمارٹ فونز میں نصب ہونے سے ابھی بہت دُور ہے۔
تاہم اب بحث اس پر نہیں کہ کوانٹم کمپیوٹر بن سکتا ہے یا نہیں، بلکہ اس پر ہے کہ یہ کب تک عملی شکل اختیار کرے گا۔
سائنسی تحفظات اور مستقبل
کئی محققین مائیکروسافٹ کے نتائج کے حوالے سے محتاط رویہ رکھتے ہیں اور آزادانہ تصدیق پر زور دیتے ہیں۔
تاہم مائیکروسافٹ کو اپنی تحقیق پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اسے کوانٹم کمپیوٹنگ کو تجربہ گاہوں سے نکال کر حقیقی صنعتی اور سائنسی ایپلی کیشنز، مثلاً ادویات سازی اور جدید مواد کی تحقیق میں لانے کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہیں۔
ماجورانا 2 صرف ایک ہارڈ ویئر نہیں، بلکہ کوانٹم کمپیوٹنگ کی حکمت عملی میں تبدیلی ہے۔
اگر یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر کامیاب ہوتی ہے، تو یہ کمپیوٹنگ کو روایتی حدود سے نکال کر ایک ایسے نئے دور میں داخل کر دے گی جہاں پیچیدہ ترین مسائل کا حل چند منٹوں میں ممکن ہو سکے گا۔