فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے مرحلے میں گروپ سی اور ڈی کی اہم ترین مقابلے شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں کئی ٹیمیں اگلے مرحلے کے قریب پہنچنے جبکہ بعض اپنی بقا کی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
امریکہ اور آسٹریلیا آمنے سامنے
سیئٹل کے لومن اسٹیڈیم میں امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان ایک اہم مقابلہ کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی میچ جیت کر تین، تین پوائنٹس حاصل کیے ہیں، جس کے باعث یہ مقابلہ گروپ کی قیادت کے لیے براہِ راست جنگ بن گیا ہے۔
امریکہ نے پہلے میچ میں 4 گول اسکور کر کے اپنی جارحانہ صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، جبکہ آسٹریلیا نے مضبوط دفاعی کھیل پیش کرتے ہوئے کلین شیٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
امریکہ
آسٹریلیا
اس میچ کی اہمیت اس بات سے بھی واضح ہے کہ فاتح ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے انتہائی قریب پہنچ جائے گی، جبکہ ڈرا کی صورت میں فیصلہ آخری راؤنڈ تک مؤخر ہو جائے گا۔
امریکہ کو گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف 2-1 کی کامیابی کا نفسیاتی فائدہ بھی حاصل ہے۔
مراکش کے سامنے اسکاٹ لینڈ کا بڑا چیلنج
گروپ سی میں مراکش کا سامنا اسکاٹ لینڈ سے ہوگا، جو بوسٹن کے جیلیٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اسکاٹ لینڈ پہلے میچ میں کامیابی کے بعد تین پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے، جبکہ مراکش ایک پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
مراکش کے لیے یہ مقابلہ نہایت اہم ہے کیونکہ مثبت نتیجہ اسے کوالیفکیشن کی دوڑ میں مضبوط پوزیشن دے سکتا ہے، جبکہ اسکاٹ لینڈ جیت کے ذریعے اگلے مرحلے کی راہ تقریباً ہموار کرنا چاہے گا۔
مراکش
اسکاٹ لینڈ
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلی باضابطہ بین الاقوامی ملاقات ہوگی، جس سے مقابلے کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔
برازیل کی واپسی کی کوشش، ہیٹی کی آخری امید
گروپ سی کے ایک اور اہم میچ میں برازیل کا مقابلہ ہیٹی سے ہوگا۔
برازیل پہلے میچ میں صرف ایک پوائنٹ حاصل کر سکا تھا، اس لیے اس کے لیے فتح انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب ہیٹی اپنا پہلا میچ ہارنے کے بعد بغیر کسی پوائنٹ کے آخری پوزیشن پر موجود ہے اور اسے ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے مثبت نتیجہ درکار ہے۔
برازیل
ہیٹی
دونوں ٹیموں کی آخری ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جہاں برازیل نے ہیٹی کو 7-1 سے شکست دی تھی، تاہم عالمی کپ کے دباؤ اور حالات اس بار مقابلے کو مختلف بنا سکتے ہیں۔
ترکی اور پیراگوئے، ہارنے والی ٹیم تقریباً باہر
گروپ ڈی میں ترکی اور پیراگوئے کے درمیان بھی ایک نہایت اہم مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچ ہار چکی ہیں اور ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکیں۔
ترکی اپنی کمزور جارحانہ کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کرے گا، جبکہ پیراگوئے کو دفاعی خامیوں پر قابو پانا ہوگا، جس نے پہلے میچ میں چار گول کھائے تھے۔
اس مقابلے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ دوسری شکست کسی بھی ٹیم کو عملی طور پر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے قریب پہنچا سکتی ہے، جبکہ فتح حاصل کرنے والی ٹیم دوبارہ کوالیفکیشن کی دوڑ میں شامل ہو جائے گی۔
ترکیہ
پیراگوئے
یہ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ کسی باضابطہ مقابلے میں آمنے سامنے آ رہی ہیں، جس سے میچ کا نتیجہ مزید غیر متوقع بن گیا ہے۔
گروپ سی اور ڈی کی یہ چاروں اہم جھڑپیں ورلڈ کپ 2026 کے ابتدائی مرحلے میں نہ صرف گروپ پوزیشنز بلکہ اگلے مرحلے کی دوڑ کا رخ بھی متعین کر سکتی ہیں۔