امریکا کے شہر بوسٹن میں واقع فاکس بورو اسٹیڈیم میں عراق اور ناروے کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ 2026 کے میچ کے دوران ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جب ہاف ٹائم کے دوران گراؤنڈ کو پانی دینے والے اسپرنکلر نظام میں اچانک خرابی پیدا ہو گئی۔
سوشل میڈیا اور کھیلوں کے پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میدان کے ایک مخصوص حصے سے پانی تیزی اور بڑی مقدار میں نکلنا شروع ہو گیا، جس کے باعث دوسرے ہاف کے آغاز سے قبل گراؤنڈ انتظامیہ کو فوری کارروائی کرنا پڑی۔
امریکی اخبار پروویڈنس جرنل کے مطابق خرابی عراق کے پنالٹی ایریا میں پیش آئی، جہاں پانی جمع ہو کر ایک چھوٹے تالاب کی شکل اختیار کر گیا۔
اس صورتحال کے بعد گراؤنڈ اسٹاف اور تکنیکی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور پانی کے بہاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ حصے کو خشک کرنے کی کوشش شروع کر دی۔
مزید پڑھیں
رپورٹ کے مطابق مسئلے پر قابو پانے کے لیے پورا آبپاشی نظام بند کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں نے دوسرا ہاف مکمل طور پر خشک میدان پر کھیلا۔
عام طور پر جدید فٹبال میدانوں میں گیند کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے میچ سے قبل اور وقفے کے دوران گھاس کو پانی دیا جاتا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب بوسٹن اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے
حال ہی میں فیفا کی ہدایات کے مطابق مصنوعی گھاس ہٹا کر قدرتی گھاس نصب کی تھی تاکہ ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
اگرچہ پانی کے اچانک اخراج نے وقتی طور پر انتظامی مشکلات پیدا کیں، تاہم گراؤنڈ عملے نے مختصر وقت میں صورتحال پر قابو پا لیا اور دوسرے ہاف کا آغاز مقررہ وقت پر ہی ممکن بنایا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میچ کے سرکاری ٹی وی نشریاتی کوریج میں اس واقعے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ عراق نے ورلڈ کپ 2026 میں اپنے سفر کا آغاز ناروے کے ہاتھوں 4-1 کی شکست سے کیا۔
یہ مقابلہ گروپ آئی میں کھیلا گیا، جس میں فرانس اور سینیگال بھی شامل ہیں۔