کویت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے 15 سالہ طویل مدتی اقامہ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق مخصوص سرمایہ کاری اور کاروباری شرائط پوری کرنے والے سرمایہ کار، ان کے شراکت دار، اعلیٰ انتظامی عہدیداران اور اہل خانہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یہ اقدام ملکی معیشت کو متنوع بنانے اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
کویت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے طویل مدتی اقامہ کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اہل سرمایہ کار اور ان کے اہل خانہ 15 سال تک کی اقامہ حاصل کر سکیں گے۔
یہ اقدام ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور علاقائی و عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ نئی پالیسی سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے کابینہ کے فیصلے نمبر 651 برائے 2026 کے تحت نافذ کی گئی ہے، جو براہ راست سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق 2013 کے قانون نمبر 116 کے تحت آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ضوابط اور شرائط کا تعین کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
اس فیصلے کے مطابق وزارت داخلہ کا محکمہ اقامہ، کویت ڈائریکٹ انویسٹمنٹ پروموشن اتھارٹی KDIPA کی سفارش پر اہل سرمایہ کاروں کو 15 سالہ اقامتی اجازت نامہ جاری کر سکے گا۔
مذکورہ اداروں نے اس اقامے کے لیے شرائط مقرر کی ہیں۔
کن افراد کو فائدہ ہوگا؟
نئے نظام کے تحت لائسنس یافتہ سرمایہ کاری اداروں کے مالکان، شراکت دار، چیف ایگزیکٹو افسران، اعلیٰ انتظامی عہدیداران اور اتھارٹی سے منظور شدہ دیگر ذمہ داران اقامت حاصل کر سکیں گے۔
یہ سہولت ان کے قریبی اہل خانہ، یعنی شریک حیات، والدین اور بچوں تک بھی توسیع دی گئی ہے۔
سرمایہ کاری کی کم از کم شرط
قواعد کے مطابق اہل ادارے میں مجموعی سرمایہ کاری کم از کم 50 لاکھ کویتی دینار ’تقریباً 1 کروڑ 63 لاکھ امریکی ڈالر‘ ہونی چاہیے۔
اس کے علاوہ کمپنی کا سرمایہ کم از کم 10 لاکھ کویتی دینار ہونا ضروری ہے اور اس رقم کے کویت میں جمع ہونے کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔
آپریشنل سرگرمی اور کویتی شہریوں کی ملازمت
سرمایہ کاروں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان کی کمپنی کویت میں حقیقی کاروباری اور آپریشنل سرگرمی انجام دے رہی ہے۔
مزید برآں، کمپنیوں کو کویتی شہریوں کی ملازمت سے متعلق ان تناسب اور شرائط پر بھی عمل کرنا ہوگا جو متعلقہ حکام مقرر کریں گے۔
ضروری دستاویزات
درخواست دہندگان کو درج ذیل دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی:
- اچھے کردار کا سرٹیفکیٹ (پولیس کلیئرنس)
- کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ
- سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے ثبوت
حکام نے واضح کیا ہے کہ جعلی معلومات یا فرضی دستاویزات پر مشتمل کسی بھی درخواست کو فوری طور پر مسترد کر دیا جائے گا اور قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
درخواست پر فیصلہ صرف 5 دن میں
کویت نے منظوری کے عمل کو تیز بنانے کے لیے ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاری اتھارٹی مکمل درخواست موصول ہونے کے بعد پانچ کاروباری دنوں کے اندر فیصلہ جاری کرے۔
البتہ اگر اضافی معلومات طلب کی جائیں اور درخواست گزار 30 دن کے اندر جواب نہ دے تو درخواست خودکار طور پر مسترد تصور ہوگی۔
تجدید کی شرائط
15 سالہ اقامہ برقرار رکھنے کے لیے سرمایہ کار کو تمام قانونی، مالی اور آپریشنل تقاضے مسلسل پورے کرنا ہوں گے۔
تجدید کے خواہش مند افراد کو اقامہ ختم ہونے سے کم از کم 60 دن قبل درخواست دینا ہوگی اور اپنے کاروبار کے جاری ہونے کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔
خلیجی ممالک سے مقابلے کی جانب ایک قدم
ماہرین کے مطابق یہ پروگرام کویت کو ان خلیجی ممالک کی صف میں لا کھڑا کرتا ہے جو سرمایہ کاروں کے لیے طویل مدتی رہائشی پروگرام پیش کرتے ہیں، جیسے سعودی عرب کا ’پریمیم اقامہ‘ اور متحدہ عرب امارات کا ’گولڈن ویزا‘۔
یہ اقدام کویت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد تیل پر انحصار کم کرنا، قومی آمدنی کے ذرائع کو متنوع بنانا اور ملک کو ایک فعال علاقائی مالی و تجارتی مرکز کے طور پر فروغ دینا ہے۔