لبنان کے آرمی چیف جنرل رودولف ہیکل آج ہفتے کے روز پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
یہ دورہ پاکستانی مسلح افواج کے سربراہ اور چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر کی سرکاری دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
لبنانی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ہیکل اپنے دورۂ اسلام آباد کے دوران اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں سرفہرست فیلڈ مارشل عاصم منیر ہیں۔
ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون، فوجی روابط اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے کو حساس سکیورٹی صورتحال کا سامنا ہے۔
لبنان کی سرحد پر اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی اور جھڑپیں جاری ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ میں سلامتی اور سفارتی سرگرمیوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کی با اثر ترین عسکری شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کا نام امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور ثالثی کی کوششوں کے تناظر میں بھی نمایاں رہا۔
بعض مغربی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور سفارتی چینلز کو فعال رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کے ایران اور امریکا دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات ہیں، جس کے باعث اسلام آباد کو متعدد حساس علاقائی معاملات میں سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے۔
لبنانی فوج نے دورے کی مدت یا مکمل ایجنڈے کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم مبصرین کے مطابق یہ دورہ لبنان کی جانب سے دوست ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں اپنے بین الاقوامی عسکری روابط کو وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔