سعودی عرب میں نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی عوامی رجحانات اور ترجیحات میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کی تفصیلات گوگل پر کیے جانے والے سرچ ٹرینڈز میں سامنے آئی ہیں۔
گوگل سرچ ڈیٹا کے مطابق جنوری کے مہینے میں سعودی صارفین کی بڑی تعداد نے سالِ نو کو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بہتری لانے کا ایک نیا موقع تصور کیا، جس کے لیے سرچ ٹرینڈز میں تعلیم، ہنر مندی، ٹیکنالوجی، صحت اور کیریئر پلاننگ جیسے موضوعات نمایاں رہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق گوگل سرچ انڈیکیٹرز سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں 2026ء کا آغاز ہوتے ہی New Year Resolution (یعنی نیا سال، نئے فیصلے یا نئی جستجو) سے متعلق تلاش میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ظاہر کرتا ہے کہ صارفین زیادہ منظم، نتیجہ خیز اور بامقصد طرزِ زندگی اختیار کرنے کے خواہاں ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی رجحان عالمی سطح پر بھی نمایاں طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، تاہم سعودی معاشرے میں اس موضوع سے دلچسپی خصوصاً تعلیم، ترقی اور جدید مہارتوں کے حصول کے لیے نمایاں رہی۔
ٹیکنالوجی میں دلچسپی
اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ تعلیم اور فنی مہارتوں کے شعبے میں سرچ ٹرینڈز غیر معمولی نتائج کے حامل رہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے مختلف نئی اسکلز سیکھنے کے طریقوں سے متعلق معلومات تلاش کیں۔ ان میں پروگرامنگ خاص طور پر نمایاں رہی۔
یعنی ’سی پروگرامنگ لینگویج سیکھنے کا طریقہ‘ جیسے سوالات زیادہ کیے گئے۔
اسی طرح جاپانی اور انگریزی زبان سیکھنے، کمپیوٹر اسکلز، اکاؤنٹنگ، اسٹاک ٹریڈنگ اور عربی خطاطی جیسے موضوعات بھی سرچ فہرست میں نمایاں رہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ بدلتے رجحانات سعودی وژن 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہیں، جس میں انسانی وسائل کی ترقی اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔
طرزِ زندگی میں بہتری کی تلاش
نئے سال کے آغاز میں سعودی صارفین کی دلچسپی صرف طویل مدتی اہداف ہی تک محدود نہیں رہی بلکہ روزمرہ عادات میں بہتری سے متعلق سوالات بھی کثرت سے تلاش کیے گئے۔
مثلاً اس دورانیے میں نیند کو بہتر بنانے، صحت مند غذائی عادات اپنانے، بہتر انداز گفتگو اور خطابت، پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع بڑھانے اور قرآن پاک کی خوبصورت تلاوت سے متعلق سرچز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سعودی معاشرے میں جسمانی، ذہنی اور روحانی توازن کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔
مستقبل پر نظر
مستقبل کے کیریئر اور پیشہ ورانہ موضوعات سے متعلق تلاش بھی جنوری کے دوران نمایاں رہی۔
بہت سے صارفین نے تخلیقی اور عملی شعبوں میں آگے بڑھنے کے طریقوں کو تلاش کیا تو ایک بڑی تعداد نے گرافک ڈیزائنر بننے، فٹبال کے بہترین کھلاڑی بننے، موبائل کیمرے سے پروفیشنل ویڈیو اور فوٹوگرافی کرنے سمیت شاعری جیسے ادبی شعبے میں قدم رکھنے سے متعلق بھی سوالات کیے، جس سے پتا چلتا ہے کہ سعودی عرب میں نوجوان نسل روایتی ملازمتوں کے ساتھ ساتھ تخلیقی اور آزادانہ پیشوں میں بھی دلچسپی لے رہی ہے۔