امریکی آڈیو بکس اور پوڈکاسٹ پلیٹ فارم Audible نے جمعہ کے روز نیویارک شہر میں ایک عارضی اسٹور کا افتتاح کیا، جسے پہلی ’بغیر کاغذی کتابوں کی لائبریری‘ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ مکمل طور پر آڈیو بکس کے لیے مخصوص ہے۔
یہ پلیٹ فارم، جو امیزون کی ملکیت ہے، جنوبی مینہیٹن میں ایک ماہ کے لیے یہ اسٹور قائم کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں
العربیہ کے مطابق آڈیبل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بوب کیریگن نے جمعرات کو ایک پریزنٹیشن کے دوران کہا کہ ’آڈیبل اسٹوری ہاؤس‘ کچھ حد تک دیوانہ وار خیال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سوچا کہ آڈیو بکس کے تجربے کو کیسے زندہ کیا جائے جہاں لوگ نئی تخلیقات دریافت کر سکیں اور ایسے افراد سے مل سکیں جو بڑی کہانیوں میں دلچسپی رکھتے ہوں۔

آڈیو کلپس کو خصوصی اسٹینڈز پر پیش کیا جاتا ہے، جنہیں ایک پلیئر ڈیوائس میں لگا کر ہیڈفونز کے ذریعے سنا جا سکتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم بامعاوضہ سبسکرپشنز یا انفرادی طور پر کتابیں خریدنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ امیزون اکاؤنٹ رکھنے والوں کے لیے کئی کتابیں مفت بھی دستیاب ہیں۔
اس نئی طرز کی لائبریری میں سننے کا خصوصی کمرہ بھی شامل ہے، جو اسپیکرز سے لیس ہے، جہاں لوگ بغیر ہیڈفون کے بھی آڈیو مواد سن سکتے ہیں۔
اس لائبریری میں درجنوں تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جن میں مباحثے اور مصنفین سے ملاقاتیں شامل ہیں۔
آڈیو پبلشرز ایسوسی ایشن کے مطابق 2024 میں امریکا میں آڈیو بکس کی آمدنی 2.22 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو 5 سالوں میں تقریباً دگنی ’85 فیصد اضافہ‘ ہو چکی ہے۔