اسمارٹ فونز کی عالمی مارکیٹ میں فولڈ ایبل فونز کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر موٹورولا نے ایپل سے بازی لے جانے کی تیاری کر لی ہے۔
مزید پڑھیں
اوپو اور ہواوے کے بعد اب موٹورولا اپنا ’ریزر فولڈ‘لا رہا ہے جو کہ کتاب کی طرح کھلنے والا ڈیزائن رکھتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’9 ٹو 5 میک‘کی رپورٹ کے مطابق اس نئے اسمارٹ فون کی پری بکنگ امریکہ میں 14 مئی سے شروع ہوگی۔
صارفین کو اس جدید ترین ڈیوائس کی ترسیل کا آغاز 21 مئی سے کر دیا جائے گا جس کا مارکیٹ میں بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔
موٹورولا نے اس فون کی قیمت 1,899 ڈالر مقرر کی ہے جو گوگل کے پکسل 10 پرو فولڈ اور سام سنگ کے گلیکسی زی فولڈ 7 کے درمیان ایک متوازن قیمت ہے۔
یہ قیمت ایپل کے متوقع فولڈ ایبل آئی فون سے کم ہے جس کی قیمت 2,000 ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے۔
اس ڈیوائس میں اینڈرائیڈ سسٹم کو فولڈ ایبل اسکرین اور ٹیبلٹ کے تجربے کے لیے خاص طور پر بہتر بنایا گیا ہے۔
صارفین کو اس میں ایک مستقل ٹاسک بار کی سہولت ملے گی جبکہ اسپلٹ اسکرین کے ذریعے بیک وقت کئی ایپس کا استعمال بھی انتہائی آسان اور تیز رفتار ہوگا۔
اس فون کی ایک اہم خصوصیت اس کا ’لیپ ٹاپ موڈ‘ہے جس میں اسکرین کو مخصوص زاویے پر رکھنے سے نچلا حصہ ٹریک پیڈ بن جاتا ہے۔
سام سنگ کے فونز کی طرح اس فیچر کی مدد سے اوپر والے حصے پر کرسر کے ذریعے کام کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔
موٹورولا کا یہ اقدام ایپل کے ستمبر میں متوقع فولڈ ایبل آئی فون سے پہلے مارکیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش ہے۔
ماہرین کے مطابق ایپل کا یہ فون آئی فون فولڈ یا آئی فون الٹرا کے نام سے آ سکتا ہے لیکن موٹورولا نے قیمت میں برتری حاصل کر لی ہے۔
اگرچہ اس فون کے بارے میں کچھ تفصیلات پہلے ہی منظر عام پر آ چکی تھیں اور اسے 2 ماہ قبل ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا، مگر قیمت اب سامنے آئی ہے۔
نئے موٹورولا ریزر فولڈ کے ذریعے کمپنی اپنے صارفین کو ایک جدید، فیچرز سے بھرپور اور متوازن تجربہ فراہم کرنا چاہتی ہے۔