مصر کے صوبے شرقیہ میں گندم کی فصل چوری کرنے کا ایک انوکھا اور حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جس نے مقامی آبادی کو حیران کردیا ہے۔
مزید پڑھیں
العربیہ کے مطابق نامعلوم افراد نے صرف 2 گھنٹوں کے اندر پوری فصل کاٹ کر غائب کر دی ہے۔
گورنریٹ شرقیہ کے انتظامی مرکز زقازیق کے گاؤں الزنکلون میں پیش آنے والے واقعے میں زمین کا مالک اپنے کھیت پہنچا تو وہاں گندم کا نام و نشان تک موجود نہ تھا۔ اس کے پہنچنے تک گندم کی لہلہاتی فصل مکمل طور پر غائب ہو چکی تھی۔
متاثرہ کسان کے مطابق چوروں نے تقریباً ڈھائی ایکڑ رقبے پر کھڑی فصل کو ہدف بنایا۔ ملزمان نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹریکٹرز اور جدید زرعی مشینری کے ذریعے مختصر ترین وقت میں کٹائی کی اور فصل لے کر فرار ہو گئے۔
کسان کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی کسی اتفاقی چوری کا نتیجہ نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی لگتی ہے۔ ملزمان کو زمین کے محل وقوع اور کٹائی کے وقت کا بخوبی علم تھا، جس سے یہ خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ کسی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
واقعے میں استعمال ہونے والی مخصوص زرعی مشینری علاقے میں عام نہیں ہے، جس سے ملزمان تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پولیس قریبی نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ اس پراسرار چوری کے پیچھے چھپے حقائق سامنے آ سکیں۔
مقامی پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ اہل علاقہ کے بیانات بھی قلمبند کر رہے ہیں تاکہ اس غیر معمولی واردات میں ملوث گروہ کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔