سعودی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ جو غیر ملکی ویزا مدت ختم ہونے کے بعد مقررہ وقت پر مملکت سے روانہ نہیں ہوگا، اس پر 50 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اسے 6 ماہ تک قید اور بعد ازاں ملک بدر بھی کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ سزائیں مملکت کے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی روکنے اور حج سیزن کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سختی سے نافذ کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے واضح کیا کہ ویزا کی مدت ختم ہونے سے قبل ایگزٹ کی پابندی ہر غیر ملکی پر لازم ہے اور کسی بھی قسم کی تاخیر یا خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
مزید یہ کہ ایسے افراد کا ریکارڈ متعلقہ نظام میں درج کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں مملکت میں داخلے پر پابندی یا دیگر قانونی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حج سیزن 1447 ہجری کے لیے جاری کردہ تمام ہدایات، اجازت ناموں اور ضوابط کی مکمل پاسداری کریں، خاص طور پر بغیر اجازت مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونے سے گریز کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کی تاکید کی گئی ہے تاکہ حجاج کو محفوظ، منظم اور سہل حج تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قوانین کی خلاف ورزی، چاہے وہ ویزا کی مدت سے تجاوز ہو یا حج ضوابط کی عدم پابندی، سخت قانونی کارروائی کا باعث بنے گی، جس میں جرمانے، قید اور ملک بدری جیسی سزائیں شامل ہیں۔