مکہ مکرمہ کے حراء کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن کریم عجائب گھر میں قرآن کے معانی کے جرمن زبان میں ہونے والے اولین تراجم میں سے ایک نایاب نسخہ پیش کیا جا رہا ہے جو 1623 میں جرمنی کے شہر نورمبرگ میں طبع ہوا تھا۔
یہ نسخہ ان قیمتی نوادرات میں شامل ہے جو مصحف شریف اور اس کے تراجم کی تاریخی ارتقا کو محفوظ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
یہ نسخہ اس بات کا ایک اہم تاریخی ثبوت ہے کہ قرآنِ کریم کے معانی کو عالمی زبانوں میں منتقل کرنے کی کوششیں صدیوں پہلے شروع ہو چکی تھیں، جس کا مقصد غیر عربی زبان بولنے والوں تک قرآن کے پیغام کو درست انداز میں پہنچانا تھا۔
یہ یورپ میں قرآنی مطالعات میں دلچسپی کی بھی عکاسی کرتا ہے جہاں قرآن کے پیغام کو دنیا تک پہنچانے کی لیے کاوشیں کی گئیں۔
یہ نادر نسخہ اُن نمائشوں کا حصہ ہے جو قرآنِ کریم کی کتابت، طباعت اور تراجم کی تاریخ کو اجاگر کرتی ہیں، ساتھ ہی اُن علمی کوششوں کو بھی نمایاں کرتی ہیں جو علماء اور مترجمین نے قرآن کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے انجام دیں۔
یہ نسخہ کنگ فہد کتب خانے کے ذخیرے میں محفوظ ہے، جو قومی اور علمی ورثے کے تحفظ اور اسے محققین اور دلچسپی رکھنے والوں کے لیے دستیاب بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس سے مملکت کی ثقافتی اور علمی حیثیت کو علاقائی اور عالمی سطح پر تقویت ملتی ہے۔
اس نسخے کی نمائش میوزیم کے اس مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد زائرین کو ایک بھرپور علمی تجربہ فراہم کرنا ہے، جہاں جدید میوزیم طریقوں کے ذریعے قرآنِ کریم سے متعلق تاریخی نوادرات کو پیش کیا جاتا ہے اور اسے ہدایت، علم اور انسانی تہذیب کے ایک عظیم سرچشمے کے طور پر اجاگر کیا جاتا ہے۔