اہم خبریں
13 May, 2026
--:--:--

جرمنی: ساحل پر پھنسی وہیل کو اپنے وزن سے کچل کر جان کا خطرہ لاحق

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
جرمنی وہیل ریسکیو ساحل پر پھنسی ہمپ بیک وہیل
ہمپ بیک وہیل مچھلی (فوٹو: اے پی)

جرمنی کے ایک ساحل پر پھنسی ہوئی ایک وہیل مچھلی کو خود اپنے ہی وزن تلے کچلے جانے سے جان کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں

حکام کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے جرمنی کے ساحلی علاقوں کے کم گہرے پانیوں میں پھنسی ہوئی بیمار ہمپ بیک وہیل مچھلی نے رات کے دوران اپنی جگہ سے بالکل بھی حرکت نہیں کی ہے۔

ترجمان واٹر پولیس نے بتایا کہ 12 میٹر لمبی اس نر وہیل کو جرمن میڈیا میں ’ٹیمی‘ کا نام دیا گیا ہے، جو اس وقت شہر وسمار کے قریب واقع چھوٹے سے جزیرے بول کے ساحل پر تاحال پھنسی ہوئی ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے گزشتہ روز کا زیادہ تر وقت وہیل مچھلی کے نیچے سے مٹی اور گاد نکالنے میں گزارا تاکہ وہ گہرے پانی میں جا سکے، کیونکہ کم گہرے پانی میں وہیل کا اپنے ہی وزن تلے کچلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

جرمنی وہیل ریسکیو ساحل پر پھنسی ہمپ بیک وہیل
رضاکار امدادی کارروائی میں مصروف ہیں (فوٹو: ایکس)

امدادی کارکنوں نے وہیل مچھلی کو متحرک کرنے کے لیے اسے میکریل مچھلیاں بھی کھلائیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی تشویش کا باعث ہے جو اس وقت معمول کے اوسط سے تقریباً 20 سینٹی میٹر کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی سطح دوپہر تک تھوڑی بلند ہونے کے بعد دوبارہ کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ مچھلی کے نیچے بنائے گئے مصنوعی گڑھے کی وجہ سے اب اس کے لیے خود سے باہر نکلنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔

جرمن حکام ایک نجی ریسکیو ادارے کے ساتھ مل کر امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ وہیل مچھلی کو مزید ذہنی تناؤ سے بچایا جا سکے۔

یاد رہے کہ پیر کے روز یہ مچھلی مختصر وقت تیرنے کے بعد دوبارہ رُک گئی تھی۔

Youtube video

حکام نے وہیل مچھلی کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے اس کے جسم پر ایک ٹریکنگ ڈیوائس بھی نصب کر دی ہے تاکہ اگر وہ خود کو آزاد کرانے میں کامیاب ہو جائے تو اس کا پتا لگایا جا سکے۔

ریاست مکلن برگ فورپومرن کے وزیر ماحولیات ٹل بیک ہاؤس نے بتایا کہ وہیل کی حالت انتہائی تشویشناک ہے لیکن وہ زندہ ہے، جبکہ بعض ماہرین نے اسے مزید پریشانی سے بچانے کے لیے اب تنہا چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

ٹیمی نامی یہ وہیل مچھلی 31 مارچ سے وسمار خلیج میں موجود ہے، جو گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران بحیرہ بالٹک کے مختلف ساحلی مقامات پر کئی بار ریت میں پھنسنے اور راستہ بھٹکنے کے واقعات کا شکار ہو چکی ہے۔