اہم خبریں
17 April, 2026
--:--:--

اسرائیل: خطیبِ قبلہ اول شیخ عکرمہ صبری پر مسجدِ اقصیٰ داخلے پر پابندی

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
شیخ عکرمہ صبری پابندی اور مسجد اقصیٰ داخلہ واقعہ
شیخ عکرمہ صبری (فوٹو: الجزیرہ)

اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے خطیب اور القدس کی اعلیٰ اسلامی کونسل کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔

مزید پڑھیں

الجزیرہ کے مطابق یہ واقعہ آج جمعہ کے روز (17 اپریل 2026) کو باب الاسباط کے مقام پر پیش آیا۔

شیخ عکرمہ صبری کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے انہیں مسجد کے دروازے پر روک کر آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔

اس موقع پر اُن کی دفاعی ٹیم کے مطابق پولیس کے پاس اس کارروائی کے لیے کوئی قانونی جواز یا تحریری حکم نامہ موجود نہیں تھا۔

واضح رہے کہ شیخ عکرمہ صبری طویل عرصے سے اسرائیلی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

گزشتہ 2 برس سے ان کی نقل و حرکت محدود ہے اور ان پر سخت انتظامی قیود عائد ہیں۔ اس سے قبل انہیں متعدد بار گرفتار کر کے تفتیش اور سفری پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

masjid e aqsa 1
(فوٹو: انٹرنیٹ)

القدس کی اعلیٰ اسلامی کونسل نے اسرائیلی پولیس کے اس رویے کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پولیس کی کوئی حاکمیت نہیں ہے۔ یہ فیصلہ مکمل طور پر غیر قانونی اور غیر شرعی ہے۔

اسلامی کونسل نے واضح کیا کہ مسجد اقصیٰ کے تمام معاملات کی نگرانی صرف اسلامی انتظامیہ کا حق ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل نے القدس کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے اور طاقت کے بل پر عبادت کی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔

شیخ عکرمہ صبری فلسطین میں ایک اہم مذہبی رہنما سمجھے جاتے ہیں۔ کونسل کے مطابق اسرائیلی پولیس نمازیوں کو مسلسل ہراساں کر رہی ہے اور اسلامی اوقاف کے کاموں میں مداخلت کر کے بین الاقوامی قوانین و مذہبی آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے۔