سعودی عرب نے پاکستان کو ’گرین پاکستان‘ اقدام کی حمایت کے لیے گرانٹ فراہم کی ہے، جس کا مقصد سنٹرل پِیوٹ آبپاشی منصوبوں کو فروغ دینا، زرعی پیداوار میں بہتری لانا اور ماحول کا تحفظ کرنا ہے۔
یہ اقدام پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے فروغ اور پائیدار ترقیاتی تعاون کے لیے مملکت کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق مملکت کے وفد کی پاکستان کے سرکاری دورے میں قیادت وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کے نائب وزیر برائے زراعت، ڈاکٹر سلیمان الخطیب نے کی۔ یہ گرانٹ نیم خشک علاقوں میں پانی کے مؤثر استعمال کو بہتر بنانے، زیرِ کاشت اراضی کے رقبے میں اضافہ کرنے، اور جدید ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر متعارف کرانے پر مرکوز ہے، جس کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شامل ہیں تاکہ
معیارِ زندگی بہتر ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
اس منصوبے کے تحت مکمل لوازمات کے ساتھ 10 سنٹرل پِیوٹ آبپاشی نظام فراہم کیے جائیں گے، جو صوبہ پنجاب اور ضلع بہاولپور میں 500 ہیکٹر رقبے پر محیط ہوں گے۔
یہ اقدام سعودی قیادت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ برادر ممالک کو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور پانی کے ضیاع میں کمی لانے میں مدد فراہم کرے، تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے اقتصادی تعاون کے معاہدے کے تحت اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد توانائی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے اور بالآخر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بجلی کے باہمی رابطے کے منصوبے کو مکمل کرنا ہے۔