امارات کی وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام اسکول پیر 20 اپریل سے کھل جائیں گے۔
یہ فیصلہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، نرسریوں، کنڈرگارٹن اور اسکولوں پر نافذ ہوگا۔
الامارات الیوم کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی اداروں کی مکمل تیاری اور بحالی کے بعد کیا گیا ہے، جس میں عمارتوں اور تعلیمی سہولیات کی جانچ پڑتال، تدریسی و انتظامی عملے کی تربیت اور حفاظتی و سلامتی کے جدید اقدامات کی تیاری شامل ہے۔
اس کا مقصد طلبہ اور والدین کے لیے محفوظ اور مستحکم تعلیمی ماحول یقینی بنانا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ حاضر تعلیم کی بحالی سے تعلیمی عمل کے تسلسل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور طلبہ و اساتذہ کے درمیان براہِ راست رابطہ مضبوط ہوگا، جس سے تعلیمی کارکردگی اور مہارتوں میں بہتری متوقع ہے۔
اسی دوران، نجی اسکولوں کو ضرورت کے مطابق ہائبرڈ یا متبادل تعلیمی نظام اپنانے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم اس کے لیے انہیں مقررہ ضوابط اور مقامی تعلیمی حکام کی نگرانی کی پابندی کرنا ہوگی۔
وزارت نے مزید ہدایت دی ہے کہ ہائبرڈ نظام اپنانے والے اداروں میں اساتذہ کی ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے، تاکہ تدریسی عملے پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے اور ایک ہی وقت میں روبرو اور آن لائن تدریس سے گریز کیا جا سکے۔
بیان کے اختتام پر وزارتِ تعلیم نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے مختلف تدریسی طریقوں کے درمیان ضرورت کے مطابق لچکدار منتقلی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں۔