اہم خبریں
17 April, 2026
--:--:--

اسلام آباد یا جنیوا: ایران، امریکہ مذاکرات کا دوسرا دور زیر غور

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
( فوٹو: العربیہ)

پاکستان نے تجویز دی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ جمعرات اسلام آباد میں جنگ بندی ختم ہونے سے قبل منعقد کیا جائے، جیسا کہ دو امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے۔

ان حکام نے، جنہوں نے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہ ہونے کے باعث نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی، آج منگل کے روز بتایا کہ یہ تجویز اس بات پر منحصر ہوگی کہ آیا دونوں فریق کسی اور مقام پر ملاقات کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

مزید پڑھیں

العربیہ کے مطابق ایک عہدیدار نے کہا کہ اگرچہ پہلا دور بغیر کسی معاہدے کے ختم ہوا، تاہم یہ مذاکرات ایک جاری سفارتی عمل کا حصہ ہیں، نہ کہ ایک بار کی کوشش۔

دوسری جانب ثالثی کرنے والے ممالک کے ایک سفارتکار نے اس سے بھی آگے بڑھتے ہوئے کہا کہ تہران اور واشنگٹن دوسرے دور کے انعقاد پر متفق ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں کہ آیا اسی سطح کا وفد دوبارہ شرکت کرے گا یا نہیں۔

اسلام آباد یا جنیوا

ممکنہ مذاکرات کے مقام کے حوالے سے سفارتکار اور امریکی حکام نے بتایا کہ پاکستان کے دار الحکومت اسلام آباد کو دوبارہ میزبان بنانے پر غور جاری ہے، جبکہ جنیوا کو بھی ایک متبادل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

654654654654
مذاکرات ایک جاری سفارتی عمل کا حصہ ہیں، نہ کہ ایک بار کی کوشش (فوٹو: الجزیرہ)

یہ پیش رفت اس کے بعد سامنے آئی جب ایک امریکی عہدیدار نے پیر کے روز تصدیق کی کہ ایران کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ 

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی تنازع ختم کرنے کی کوششوں کے تسلسل کی تصدیق کی۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے گزشتہ روز امریکہ سے رابطہ کیا اور معاہدے کی خواہش ظاہر کی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی ایسے معاہدے سے اتفاق نہیں کریں گے جو تہران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت دے۔

اسی طرح امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پیر کی شام کہا کہ ہفتے کے روز ایرانی فریق کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اور ان کے بقول ’اب گیند ایرانیوں کے کورٹ میں ہے‘۔

65465465 5
اسلام آباد کو دوبارہ میزبان بنانے پر غور جاری ہے، جبکہ جنیوا کو بھی متبادل کے طور پر پیش کیا گیا ہے (فوٹو: العربیہ)

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں امریکہ، ایران اور پاکستان کے درمیان براہِ راست سہ فریقی مذاکرات کا ایک دور منعقد ہوا تھا، جو 40 روزہ جنگ کے بعد شروع ہوا اور اتوار تک جاری رہنے کا امکان تھا۔ 

تاہم 21 گھنٹوں سے زائد جاری رہنے والی بات چیت کے بعد وینس نے اعلان کیا کہ کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا اور ایران نے امریکی مطالبات تسلیم نہیں کئے۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے ان مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی نکات پر اتفاق کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم بعض امور اب بھی امریکی سخت مطالبات کے باعث حل طلب ہیں۔