محکمہ موسمیات نے آج پیر کے موسم کی صورتحال میں بتایا ہے کہ نجران، عسیر اور جازان کے بعض علاقوں میں معتدل سے شدید گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جو ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کا سبب بن سکتا ہے اور اس کے ساتھ اولے بھی گر سکتے ہیں۔
جبکہ الباحہ، مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی علاقے کے بعض حصوں میں بارش ہلکی سے درمیانی رہے گی۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں کے بعض حصوں میں تیز ہوائیں چلیں گی جو گرد و غبار اٹھا سکتی ہیں، نیز شمالی سرحد اور الجوف کے کچھ حصوں اور بحر احمر کے شمالی و وسطی ساحلی حصوں میں بھی ایسا اثر رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغربی سے شمالی سمت میں چلیں گی، شمالی و وسطی حصوں میں
رفتار 25 سے 47 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہوگی جبکہ جنوبی حصے میں 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار رہے گی۔
شمالی و وسطی حصوں میں لہروں کی اونچائی ایک سے ڈھائی میٹر کے درمیان ہوگی اور جنوبی حصے میں نصف میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک ہوگی۔
بحیرہ کا حال شمالی و وسطی حصوں میں درمیانہ سے متلاطم اور جنوبی حصے میں ہلکا سے درمیانہ رہے گا۔
خلیج عرب میں سطحی ہوائیں شمال مغربی سے شمالی سمت میں چلیں گی، رفتار 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان، لہروں کی اونچائی نصف میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک ہوگی اور بحیرہ کا حال ہلکا سے درمیانہ رہے گا۔