بحرینی متعلقہ ادارے نے کہا ہے کہ آج اتوار کو باپکو انرجیز کے اسٹوریج پلانٹ میں ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ لگ گئی تاہم کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے بتایا کہ آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا اور صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے۔
اس کے تکنیکی عملے نے متاثرہ پلانٹ میں نقصان کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
باپکو انرجیز نے مزید کہا ہے کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واقعے کے فوراً بعد کارروائی شروع کی اور دفاعی اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پایا اور پلانٹ کی حفاظت کی۔
کمپنی نے اس بات پر زور دیا کہ ملازمین کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2026 میں ایرانی حملے میں باپکو کا ریفائنری کمپلیکس نشانہ بنایا گیا تھا جس سے وہاں آگ لگ گئی تھی اور کمپنی نے اپنے آپریشنز پر فورس میجور بھی اعلان کیا تھا۔
دریں اثنا بحرین کی جنرل کمانڈ آف ڈیفنس نے اعلان کیا ہے کہ بحرین کا فضائی دفاعی نظام مسلسل ایرانی دہشت گردانہ حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔
حملے کے آغاز سے اب تک فضائی دفاع نے 188 میزائل اور 453 ڈرون کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کر دیا ہے جو بحرین کی سرزمین کی جانب بھیجے گئے تھے۔