چین نے پاکستان کی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی تعریف اور حمایت کا اعادہ کیا ہے اور تمام فریقین سے جلد از جلد امن کے عمل کا آغاز کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو نِنگ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے اور اس کے کردار کو بطور ثالث جاری رکھنے کی حمایت کرتا ہے۔
ماو نِنگ نے بیجنگ میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ چین، پاکستان اور کسی بھی متعلقہ فریق کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ مل کر امن قائم کرنے اور جارحیت کو روکنے میں مدد کی جا سکے اور اس کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کو محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ چینی موقف اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے کہ پاکستان جلد ہی امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت کی میزبانی کرے گا تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
واشنگٹن یا تہران کی طرف سے اس اعلان پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا اور یہ بھی واضح نہیں کہ یہ بات چیت براہِ راست دونوں فریقین کے درمیان ہوگی یا کسی ثالثی کے ذریعے ہوگی۔