کویت میں بجلی اور پانی کے پلانٹ پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بھارتی کارکن ہلاک ہوگیا جبکہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارتِ بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی کی ترجمان انجینئر فاطمہ عباس جوہر حیات نے بتایا کہ فنی ٹیموں اور ہنگامی عملے نے منظور شدہ ہنگامی منصوبوں کے مطابق فوری طور پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ واقعے کے اثرات سے نمٹا جا سکے اور نظام کی کارکردگی کو برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ ٹیمیں سیکیورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے متوازی طور پر کام کر رہی ہیں تاکہ متاثرہ مقامات کو محفوظ بنایا جا سکے اور صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرسکون رہیں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور معلومات صرف مستند ذرائع سے حاصل کریں، ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام پیش رفت سے شفاف انداز میں آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی اور پانی کے نظام کی سلامتی اور استحکام وزارت کی اولین ترجیح ہے اور تمام فنی ٹیمیں 24 گھنٹے مستعدی سے کام کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے اور صارفین کو بنیادی خدمات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔