ایران نے امریکا کے ساتھ جاری تنازع میں ثالثی کے معاملے پر دوست اور ہمسایہ ممالک سے بات چیت شروع کر دی ہے۔
العربیہ کے مطابق یہ بات ایرانی وزارت خارجہ نے آج بدھ کے روز بتائی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران، امریکا کے ساتھ تنازع میں ثالثی کے حوالے سے علاقائی اور دوست ممالک کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔
انہوں نے انڈیا ٹو ڈے کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی ممالک نے ایران سے رابطہ کر کے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ایران اپنے ہمسایہ ممالک اور دیگر دوست ریاستوں کے ساتھ اسی نوعیت کی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے اور خطے کے ممالک کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے صورتحال کو مستحکم کرنے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پاکستان کے کردار سے متعلق سوال پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کے پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایران کے وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران جنگ کے خاتمے کے لیے ’پائیدار تجاویز سننے کے لیے تیار‘ ہے۔