الباحہ میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ہونے والی شدید ژالہ باری نے شہر کے منظر کو مکمل طور پر تبدیل کرکے رکھ دیا۔
ژالہ باری کے باعث سڑکیں اور پہاڑی مقامات سفید چادر میں ڈھک گئے، جس سے مارچ میں ایک نادر اور دلکش موسم سرما جیسا منظر تخلیق ہوگیا۔
اچانک پیش آنے والی موسمی صورتحال نے مقامی شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرلیا ہے۔
لوگ بڑی تعداد میں کھلے مقامات اور پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ اس سرد موسم اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔
اس دوران کچھ لوگ ان مناظر کو دیکھنے کے لیے قریبی کیفے اور اونچے مقامات پر جمع ہیں، جہاں کم درجہ حرارت سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ صاف شفاف موسم کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
بارش اور ژالہ باری نے علاقے کے پہاڑی مناظر اور قدرتی حسن کو مزید نمایاں کر دیا ہے، جس سے مقامی سیاحت کو فروغ ملا ہے۔
بدلتے موسم کے پیش نظر انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار اور سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور برساتی نالوں یا علاقوں سے دور رہیں۔
سعودی نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے باحہ ریجن کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ تک موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس پیش گوئی میں باحہ شہر کے علاوہ العقیق، القری، المندق، بلجرشی، بنی حسن، المخواہ، قلوہ، الحجرہ اور غامد الزناد کے گورنریٹس شامل ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی شہری دفاع نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر مکمل احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور اپنی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائیں۔