مسجد نبوی شریف میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 3200 مرد و خواتین اعتکاف میں بیٹھے ہیں۔
ان کے لیے مکمل اور مفت خدمات فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ سکون اور یکسوئی کے ساتھ عبادت کر سکیں۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق اعتکاف کی تنظیم کی یہ خدمت حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مہمانانِ حرم کے روحانی تجربے کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس کے تحت 2400 مرد معتکفین مسجد نبوی کی مشرقی چھت پر جبکہ 800 خواتین معتکفات مشرقی توسیع میں مخصوص مقامات پر اعتکاف کر رہی ہیں۔
اس سے قبل انتظامیہ کے سرکاری پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن مکمل کی گئی تاکہ گنجائش اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔
معتکفین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات میں 4 بڑے ہال شامل ہیں جن میں 48 حصے بنائے گئے ہیں۔
ہر معتکف کے لیے سامان رکھنے کے لیے مخصوص لاکر فراہم کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ رہنمائی اور فیلڈ انتظامات، مختلف زبانوں میں ترجمانی کی سہولت اور افطار و سحری کے کھانے اور مشروبات بھی مہیا کیے جا رہے ہیں۔
مزید برآں معتکفین کے لیے طبی سہولیات اور ابتدائی طبی امداد، صفائی اور مسلسل دیکھ بھال کی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عبادت کے لیے صاف اور آرام دہ ماحول برقرار رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رمضان کے 20 ویں دن تک مسجد نبوی میں 21 ملین سے زائد نمازیوں نے پانچوں نمازیں اور قیام ادا کیا جبکہ 579 ہزار سے زائد افراد نے روضہ اطہر میں نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔
اسی طرح تقریباً 1.7 ملین زائرین نے رسول اللہﷺ اور آپﷺ کے دونوں صحابہ رضی اللہ عنہما کو سلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔