بحرین کی وزارت داخلہ نے اتوار کے روز 5 ملزمان کی گرفتاری کا اعلان کیا جبکہ چھٹا ملزم احمد یوسف جاسم سرحان بیرون ملک فرار ہو گیا۔
مزید پڑھیں
ملزمان نے ایرانی پاسداران انقلاب کے ایما پر حساس معلومات جمع کیں اور دہشت گردی کے منصوبوں کے لیے عناصر کو بھرتی کر کے ملک میں بدامنی پھیلائی۔
گرفتار افراد میں عباس عبداللہ حبیب (39 سال)، یوسف احمد منصور سرحان (25 سال)، محمد فضل حمید (39 سال)، سہلان عبدالرضا علی (27 سال) اور محمد ہادی حسن (37 سال) شامل ہیں ۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ خبروں کے لیے کلک کریں
حکام کے مطابق ایک ملزم نے اعتراف کیا کہ اسے ایران میں تربیت ملی، جس کے بعد اس نے ساتھیوں کے ہمراہ اہم عمارتوں اور ہوٹلوں کی تصاویر و کوآرڈینیٹس ایران ارسال کیے تھے۔
دوسری جانب بحرینی ڈیفنس فورس نے بتایا کہ ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک فضائی دفاعی نظام نے 125 میزائلوں اور 211 ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر محفوظ مقامات اور مشتبہ اشیا سے دور رہیں اور کسی بھی قسم کی فوجی سرگرمی کی تصاویر بنانے سے سختی سے گریز کریں۔
حکام نے مزید کہا کہ تباہ شدہ مقامات کی تصاویر شیئر نہ کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری میڈیا پر جاری کردہ سیکیورٹی انتباہات اور ہدایات پر عمل کریں۔
بحرینی دفاعی قیادت نے واضح کیا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہے جو علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔