اہم خبریں
15 March, 2026
--:--:--

تبوک کی تاریخی مسجد التوبہ: ’غزوۂ تبوک‘ کی زندہ نشانی

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
(فوٹو: انٹرنیٹ)

تبوک میں واقع مسجد التوبہ خطے کی اہم ترین تاریخی مساجد میں شمار ہوتی ہے، جو اسلامی تاریخ کے ایک اہم واقعے ’غزوۂ تبوک‘ کی ایک یادگار ہے۔

مزید پڑھیں

یہ وہ مہم تھی جو ہجرت کے نویں سال پیش آئی جب رسول اکرمﷺ اپنے صحابہ کے ہمراہ رومی افواج کا مقابلہ کرنے کے لیے روانہ ہوئے۔

اس مہم کو تاریخ میں جیش العسرہ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس سفر میں مسلمانوں کو شدید مشکلات اور سخت حالات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کی قدیم بستی کے وسط میں واقع اس مسجد کا تعلق تاریخی مقام سے ہے، جہاں نبی کریمﷺ نے غزوۂ تبوک کے دوران قیام فرمایا۔

تاریخ اسلامی کے محققین کے مطابق رسول اللہﷺ نے اپنے قیام کے دوران اسی جگہ مسجد کی بنیاد رکھی اور صحابہ کرامؓ کے ساتھ یہاں نماز ادا فرمائی۔

محقق عبداللہ العمرانی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد التوبہ وہ مقام ہے جس کی حدبندی خود نبی کریمﷺ نے تبوک میں قیام کے دوران کی تھی۔ 

آپﷺ نے تقریباً 20 دن یہاں قیام فرمایا اور اس دوران 30 ہزار سے زائد صحابہ کرامؓ بھی آپ کے ساتھ تھے۔

عبداللہ العمرانی کے مطابق اس مسجد کو تاریخ کے مختلف ادوار میں کئی ناموں سے یاد کیا گیا۔ ان میں مسجد رسولﷺ، مسجدالتوبہ، مسجدتبوک، مسجداثری، جامع تبوک، جامع البلدہ اور الجامع الکبیر شامل ہیں۔ 

masjid al tauba tabuk 2
(فوٹو: انٹرنیٹ)

یہ تمام نام اس مسجد کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں جو مقامی لوگوں اور زائرین کے دلوں میں موجود ہے۔

تاریخی روایات کے مطابق مسجد کی پہلی باقاعدہ تعمیر اموی خلیفہ عمر بن عبدالعزیز کے دور میں ہوئی۔ 

اس وقت مسجد کو مٹی، کھجور کے پتوں اور تراشے گئے پتھروں سے تعمیر کیا گیا تھا۔ بعد کے ادوار میں مسجد کی کئی مرتبہ مرمت اور توسیع بھی کی گئی۔

بعد ازاں شاہ فیصل بن عبدالعزیز نے 27 اگست 1393 ہجری کو تبوک کا دورہ کیا۔ 

جب انہیں شہر کے وسط میں نبی کریمﷺ سے منسوب اس مسجد کے بارے میں بتایا گیا تو انہوں نے خود وہاں جا کر نماز ادا کی اور بعد میں مسجد کی تعمیر نو کا حکم دیا۔ 

masjid al tauba tabuk 1
(فوٹو: انٹرنیٹ)

اس تجدید کے دوران مسجد کو مسجد نبوی کے طرزِ تعمیر کے مطابق ازسرِ نو تعمیر کیا گیا۔

اس وقت مسجدالتوبہ میں سعودی وزارتِ اسلامی امور و دعوت و ارشاد کی نگرانی میں مزید ترقیاتی کام جاری ہیں تاکہ اس تاریخی مقام کی حفاظت کے ساتھ ساتھ زائرین کے لیے سہولتیں بھی بہتر بنائی جا سکیں۔

مسجدالتوبہ تبوک کی تاریخی فصیل بند بستی میں واقع ہے اور یہ تبوک قلعے کے قریب واقع ہے۔ 

اس کے ساتھ شہر کی مشہور مارکیٹ سوق الجادہ (جادة فہد بن سلطان) بھی واقع ہے، جبکہ اِردگرد اہم سڑکوں کی موجودگی نے اسے تاریخ اور اسلامی آثار میں دلچسپی رکھنے والے زائرین کے لیے ایک اہم مرکز بنا دیا ہے۔