اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

مسجدِ نبوی: نسک ایپ کے ذریعے روضہ شریف کی زیارت کا منظم نظام

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
(فوٹو: انٹرنیٹ)

مسجد نبوی میں روضہ شریف کو دنیا کے مقدس ترین مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں

یہ مبارک مقام نبیٔ مکرم حضرت محمدﷺ کے حجرہ مبارک (حضرت عائشہؓ کا گھر) اور منبرِ رسولﷺ کے درمیان واقع ہے۔

اس مقام کی فضیلت اس حدیثِ نبویؐ سے ثابت ہے جس میں آپﷺ نے فرمایا: ’’میرے گھر اور میرے منبر کے درمیان کا حصہ جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے‘‘۔

روضہ شریف مسجد نبوی کے جنوب مشرقی حصے میں واقع ہے۔ اس 

کے مشرقی جانب حضرت عائشہؓ کا حجرہ، مغربی جانب منبر شریف، جنوبی جانب قبلہ اور شمالی جانب وہ لکیر واقع ہے جو حضرت عائشہؓ کے گھر کے آخری حصے کے متوازی ہے۔

روضہ شریف کا رقبہ تقریباً 330 مربع میٹر ہے، جس کی لمبائی لگ بھگ 22 میٹر اور چوڑائی تقریباً 15 میٹر ہے۔

محدود جگہ کے باوجود یہاں نماز ادا کرنے کی خواہش رکھنے والے زائرین اور نمازیوں کی بڑی تعداد روزانہ مسجد نبوی کا رخ کرتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ روضہ شریف کی زیارت کو منظم بنانے کے لیے ’نسک‘ (Nusuk) ایپلی کیشن کے ذریعے پیشگی اجازت کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

masjid e nabvi roza e nabi 2
(فوٹو: انٹرنیٹ)

اس جدید نظام کا مقصد زائرین کی آمدورفت کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت کے ساتھ اس مقدس مقام پر نماز ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

روضہ شریف کی زیارت کے لیے مردوں اور خواتین کے لیے روزانہ مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں، تاکہ مقام کی گنجائش کے مطابق زائرین کو مرحلہ وار داخل کیا جا سکے اور نقل و حرکت میں روانی برقرار رہے۔

یہاں زائرین کے داخلے کا عمل کئی مراحل پر مشتمل ہوتا ہے۔

پہلے مرحلے میں افراد یا گروپس اسکریننگ گیٹس سے گزرتے ہیں، اس کے بعد اجازت نامے کی تصدیق کی جاتی ہے اور پھر انہیں اندرونی انتظار گاہ میں لے جایا جاتا ہے۔

یہاں مطلوبہ تعداد مکمل ہونے پر زائرین کے گروپ کو روضہ شریف کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔

یہ منظم طریقہ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ زائرین کی نقل و حرکت آسان رہے، انتظار کا وقت کم ہو اور انہیں روضۂ رسولﷺ میں عبادت کا موقع اطمینان و سکون کے ساتھ میسر آ سکے۔