متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ فضائی حدود میں پروازوں کی سرگرمی بتدریج بحال ہو رہی ہے اور حالیہ دنوں میں فضائی آپریشن میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
مزید پڑھیں
اتھارٹی کے مطابق یکم سے 12 مارچ تک امارات کے مختلف ہوائی اڈوں سے تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جو ملکی ایئرپورٹس کے ذریعے مسافروں کی نقل و حرکت میں واضح بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسی دوران اماراتی فضائی حدود میں 7,839 پروازوں کی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں کام کرنے والی ایئرلائنز کی آپریشنل سرگرمیاں بتدریج بڑھ رہی ہیں۔
ادارے نے بتایا کہ امارات کی قومی ایئرلائنز نے فضائی آپریشن کی سابقہ سطح کے مقابلے میں 44.6 فیصد سرگرمیاں بحال کر لی ہیں، جبکہ پروازوں کی مکمل بحالی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ ایئرلائنز کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ ترین معلومات ضرور چیک کریں اور پروازوں کے اوقات اور سفری ہدایات کے بارے میں اپ ڈیٹس حاصل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ تبدیلی سے آگاہ رہ سکیں۔