حرمین شریفین میں جمعہ کے عظیم الشان اجتماعات ہوئے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی ہے۔
مسجد الحرام کے امام و خطیب ڈاکٹر فیصل بن جمیل غزاوی نے مسلمانوں کو نصیحت کی کہ وہ اللہ سے تقویٰ اختیار کریں اور ماہِ رمضان کے باقی دنوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے آخری ایام عبادات بڑھانے، نیکیوں میں سبقت لینے اور اللہ کی مغفرت حاصل کرنے کا اہم موقع ہیں، اس لیے غفلت سے بچنا چاہیے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ اللہ کا فضل بہت وسیع ہے اور خالص نیت کے ساتھ کیا گیا چھوٹا عمل بھی بڑا اجر دے سکتا ہے۔
مسلمان کے لیے اصل کامیابی حسنِ خاتمہ ہے، اس لیے گناہوں سے بچتے ہوئے توبہ، نیکی اور اطاعتِ الٰہی میں زندگی گزارنی چاہیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ رمضان انسان کے حق میں یا اس کے خلاف گواہی دے گا، اس لیے اس کے اختتام پر محاسبۂ نفس اور استغفار ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان کے اختتام پر زکاة الفطر ادا کرنا بھی عبادت کا حصہ ہے جبکہ عید کے دن تکبیر کہنا، غسل کرنا، اچھے کپڑے پہننا اور عید کی نماز سے پہلے کچھ کھانا سنت ہے۔
دوسری جانب مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ احمد بن علی الحذیفی نے کہا کہ رمضان کے آخری عشرے میں عبادت، صدقہ، تلاوتِ قرآن اور قیام اللیل میں زیادہ محنت کرنی چاہیے تاکہ بندہ اللہ کی مغفرت اور رضامندی حاصل کر سکے۔
انہوں نے تاکید کی کہ اعمال میں اخلاص ضروری ہے اور رمضان کے بقیہ وقت کو نیکیوں میں گزارنا چاہیے۔
خطبے کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ حرمین شریفین کی حفاظت فرمائے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے حالات بہتر بنائے۔