وزارت تجارت کی نگرانی ٹیمیں مدینہ منورہ میں رمضان المبارک کے دوران بازاروں اور تجارتی مراکز پر اپنی تفتیشی کارروائیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ مہم رمضان کے ساتھ ساتھ عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے سیزن 1447ھ کے پیش نظر شروع کی گئی ہے، جب شہر میں زائرین کی بڑی تعداد پہنچتی ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ تفتیشی دورے متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے کیے جا رہے ہیں تاکہ مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، ان کے معیار اور تجارتی مراکز کی جانب سے صارفین کے تحفظ سے متعلق قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد خلاف ورزی کرنے والی تجارتی اداروں کے خلاف قانونی اقدامات کرنا اور ایسی تجارتی فضا قائم کرنا ہے
جو ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری اشیا سے پاک ہو، ساتھ ہی رمضان المبارک کے دوران شہریوں، مقیم افراد اور زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا بھی اس کا اہم ہدف ہے۔
وزارتِ تجارت نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک نگرانی ٹیموں نے فروخت کے مختلف مراکز پر 11,857 فیلڈ وزٹ کیے، 2,180 شکایات پر کارروائی کی، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے 241 تجارتی اداروں کے خلاف فوری جرمانے عائد کیے گئے۔
وزارت کے مطابق عمرہ اور زیارت کے سیزن کے لیے تیار کردہ خصوصی منصوبے میں غذائی اور اشیائے صرف کی مناسب فراہمی، مصنوعات کے معیار کی جانچ، خوراک اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کی نگرانی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔