سعودی وزارتِ تجارت نے عید الفطر 1447 ہجری کے موقع پر آن لائن خریداری کرنے والے صارفین اور تجارتی اداروں کے لیے اہم ضوابط کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں
نئے ضوابط لاگو کرنے کا مقصد ای کامرس کے شعبے کو منظم کرنا اور گاہکوں کے اعتماد کو برقرار رکھنا ہے۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے احکامات کے تحت تمام تجارتی مراکز اور آن لائن اسٹورز پابند ہوں گے کہ وہ اپنی مصنوعات عید سے قبل شپنگ کمپنیوں کے حوالے کریں تاکہ بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
صارفین کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے وزارت تجارت نے واضح
کیا ہے کہ ای کامرس کے قانون کی دفعہ 14 کے تحت سروس فراہم کرنے والے اداروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کسی بھی متوقع تاخیر یا ترسیل میں پیش آنے والی بنیادی مشکلات سے گاہک کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
قانون کے مطابق اگر ڈیلیوری میں تعطل پیدا ہو یا کمپنی آرڈر وقت پر پہنچانے میں ناکام رہے تو صارف کو یہ قانونی حق حاصل ہوگا کہ وہ معاہدہ (آرڈر) منسوخ کر دے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں عید کی ترسیلات کے لیے حتمی تاریخوں کا تعین بھی کیا گیا ہے تاکہ عالمی سپلائی چین اور لاجسٹک نظام میں درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
ہدایات کے مطابق بین الاقوامی شپمنٹس کے لیے 20 رمضان 1447 ہجری کو آخری تاریخ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مقامی آرڈرز کے لیے 25 رمضان 1447 ہجری تک کا وقت دیا گیا ہے۔
وزارت نے اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ لاجسٹک مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اسٹاک اور سپلائی کو مارکیٹ کی طلب کے ساتھ ہم آہنگ کریں تاکہ آخری دنوں میں رش سے بچا جا سکے اور شہریوں و مقیمین کو ان کی ضروریات وقت پر میسر آ سکیں۔