سعودی ارامکو نے سال 2025 کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق کمپنی نے 392.5 ارب ریال کا مجموعی منافع کمایا ہے، جبکہ چوتھی سہ ماہی کا منافع 94 ارب ریال رہا۔
مزید پڑھیں
کمپنی کا آپریٹنگ کیش فلو 510.8 ارب ریال اور فری کیش فلو 320.4 ارب ریال ریکارڈ کیا گیا۔ سال کے اختتام پر کمپنی کے مجموعی قرضہ جات کی شرح 3.8 فیصد رہی جو کہ 2024 کے مقابلے میں بہتر ہے۔
ارامکو کا 2025 میں سرمایہ کاری کا حجم 195.9 ارب ریال تھا اور 2026 کے لیے اسے 187.5 سے 206.3 ارب ریال کے درمیان رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
شیئر ہولڈرز کے لیے 2025 میں کل منافع 320.4 ارب ریال رہا اور چوتھی سہ ماہی کے لیے 82.08 ارب ریال کا بنیادی منافع مختص کیا گیا ہے جو کہ سالانہ بنیادوں پر 3.5 فیصد زیادہ ہے، جس کی ادائیگی 2026 کی پہلی سہ ماہی میں ہوگی۔
مزید برآں کمپنی نے 11.3 ارب ریال مالیت کے شیئرز واپس خریدنے کا پروگرام بھی شروع کیا ہے۔
کمپنی 2030 تک اپنی گیس کی پیداواری صلاحیت کو 2021 کے مقابلے میں 80 فیصد تک بڑھانے کے منصوبے پر تیزی سے گامزن ہے، جس کے تحت الجافورہ فیلڈ سے پیداوار اور تناجیب گیس پلانٹ کا آپریشن شروع ہو چکا ہے۔
اس کے ساتھ المرجان فیلڈ میں خام تیل کی پیداوار بڑھانے اور بری فیلڈ میں پانی انجیکشن کے پروگرام جاری ہیں۔
ارامکو آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے 2025 میں 19.9 ارب ریال کی ویلیو حاصل کر چکی ہے اور 2023 سے اب تک کل ٹیکنالوجی ویلیو 42.4 ارب ریال تک پہنچ چکی ہے۔
کمپنی نے ہیومائن نامی کمپنی میں اقلیتی حصہ خریدنے کا عمل بھی جاری رکھا ہے جبکہ ’اقتفاء‘ پروگرام کے تحت مقامی مواد (لوکلائزیشن) کی شرح 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے جسے 2030 تک 75 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ارامکو کے صدر اور سی ای او انجینئر امین بن حسن الناصر نے کہا کہ 2025 کمپنی کے لیے ایک مضبوط مالیاتی سال تھا جس میں بہترین کیش فلو اور نظم و ضبط کے ساتھ سرمایے کا انتظام کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باوجود کمپنی نے اپنے آپریشنز کو کم لاگت اور قابل اعتماد رکھا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اے آئی جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال سے آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے اور 2025 میں کمپنی کا سیفٹی ریکارڈ اپنی تاریخ کی بہترین سطح پر رہا۔