اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

فلکیات مرکز کی پیشگوئی: عید الفطر 20 مارچ کو متوقع

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes

فلکیات مرکز نے شوال کے چاند کی متوقع فلکیاتی صورتِ حال واضح کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مختلف ممالک میں رمضان کے آغاز میں فرق کی وجہ سے عید الفطر کے چاند کی رویت کی تاریخ بھی مختلف ہوگی۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق مرکز نے کہا ہے کہ جن ممالک میں رمضان کا آغاز بدھ 18 فروری 2026ء کو ہوا، وہ بدھ 18 مارچ کو عید کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں گے جبکہ جن ممالک میں رمضان جمعرات 19 فروری کو شروع ہوا وہاں جمعرات 19 مارچ کو چاند دیکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں

فلکیات مرکز کے ڈائریکٹر محمد شوکت عودہ نے وضاحت کی کہ 18 مارچ کو چاند کی رویت ناممکن ہوگی کیونکہ اس روز چاند سورج سے پہلے غروب ہوجائے گا اور فلکیاتی اقتران بھی سورج غروب ہونے کے بعد ہوگا۔ 

اس لیے ان ممالک میں رمضان کے 30 دن مکمل ہونے کا امکان ہے اور جمعہ 20 مارچ کو عیدالفطر ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 19 مارچ کو مشرقی دنیا میں چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا جبکہ مغربی ایشیا اور شمالی و وسطی افریقہ میں دوربین کے ذریعے مشکل سے دیکھا جاسکے گا۔ 

اسی طرح مغربی یورپ اور مغربی افریقہ میں انتہائی مشکل سے ننگی آنکھ سے رویت ممکن ہوسکتی ہے جبکہ شمالی امریکا کے بیشتر علاقوں میں چاند نسبتاً آسانی سے دیکھا جاسکے گا۔

اسی بنیاد پر توقع ظاہر کی گئی ہے کہ زیادہ تر ممالک جمعہ 20 مارچ کو عیدالفطر منائیں گے، تاہم چونکہ دنیا کے وسیع حصوں میں چاند دیکھنا مشکل ہوگا، اس لیے بعض ممالک میں رویت ثابت نہ ہونے کی صورت میں ہفتہ 21 مارچ کو عید الفطر منائے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔

مرکز نے مختلف شہروں میں چاند کی پوزیشن بھی بیان کی، جس کے مطابق جکارتہ، ابوظبی، ریاض، عمان، القدس، قاہرہ، رباط اور ایمسٹرڈیم سمیت کئی شہروں میں چاند کی عمر اور غروبِ آفتاب کے بعد اس کے قیام کا وقت مختلف ہوگا تاہم بیشتر مقامات پر چاند دیکھنے کے لیے دوربین اور انتہائی صاف فضائی حالات درکار ہوں گے۔

مرکز نے یہ بھی واضح کیا کہ ننگی آنکھ سے سب سے کم جس ہلال کو دیکھا گیا، وہ غروبِ آفتاب کے بعد 29 منٹ تک افق پر رہا تھا اور اس کی عمر 15 گھنٹے 33 منٹ تھی تاہم صرف ان اعداد سے رویت یقینی نہیں ہوتی کیونکہ اس میں فضائی شفافیت اور مبصر کے تجربے سمیت کئی عوامل شامل ہوتے ہیں۔

مرکز نے دلچسپی رکھنے والوں کو شوال کے چاند کی رویت کے نتائج اپنے عالمی منصوبے اسلامک کریسنٹ آبزرویشن پروجیکٹ کی ویب سائٹ پر دیکھنے کی دعوت بھی دی ہے، جہاں دنیا بھر سے موصول ہونے والی رویت کی اطلاعات کی جانچ کے بعد انہیں شائع کیا جاتا ہے۔