خالد نواز چیمہ
جدہ
ممتاز سماجی شخصیت اور ماہرِ طب ڈاکٹر خلیل الرحمن نے جدہ میں فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے مصروف وقت گزارا۔
انہوں نے 2006ء میں پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی بنیاد رکھی، جس کے تحت پاکستان قونصلیٹ جدہ میں ہر 15 روز بعد باقاعدگی سے میڈیکل کیمپ منعقد کیے جاتے ہیں۔
ان کیمپس میں نہ صرف قونصلیٹ آنے والے پاکستانیوں بلکہ جدہ اور اس کے اطراف میں قائم مختلف اداروں کے محنت کشوں کے بڑے بڑے کیمپوں میں جا کر بھی پاکستانی کارکنوں کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔
ان طبی کیمپس میں ڈاکٹر خلیل الرحمن اور ان کے ساتھی، پاکستانی محنت کشوں کو بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر امراض کے حوالے سے معائنہ اور مفت طبی مشورے فراہم کرتے ہیں۔
پاکستان قونصلیٹ میں میڈیکل کیمپ لگانے کا سلسلہ سابق قونصل جنرل مسعود اختر کے دور میں شروع ہوا، جو آج بھی کئی سال گزرنے کے باوجود جاری ہے۔
پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے یہ میڈیکل کیمپس سوسائٹی کے اراکین اپنی ذاتی کاوشوں اور مالی وسائل سے منعقد کرتے ہیں۔
کیمپ میں آنے والے افراد کے لیے پانی اور چائے کا انتظام بھی رضاکار اپنے گھروں سے کرتے ہیں۔
ان کیمپس کا آغاز ڈاکٹر خلیل الرحمان اور شریف زمان نے کیا جبکہ مختلف ڈاکٹرز رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔
بعد ازاں آنے والے ہر قونصل جنرل نے سوسائٹی کے ان فلاحی کاموں میں بھرپور تعاون کیا۔
پاکستان ویلفیئر سوسائٹی نے نہ صرف جدہ بلکہ مکہ مکرمہ اور طائف میں بھی طبی کیمپس کا انعقاد کیا ہے۔
اب تک پاکستان قونصلیٹ میں لگائے جانے والے میڈیکل کیمپس کی تعداد 400 تک پہنچ چکی ہے۔
ڈاکٹر خلیل الرحمان نے اپنے رفقاء کے تعاون سے پاکستان میں کڈنی سینٹر کی بنیاد بھی رکھی، جس کی ترقی میں محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دیگر شخصیات نے اہم کردار ادا کیا۔ جدہ میں مقیم کئی مخیر پاکستانیوں نے بھی اس کڈنی سینٹر کے قیام میں مالی تعاون فراہم کیا۔ پاکستان کڈنی سینٹر میں اس وقت ہیما ڈائیلسس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور مخیر حضرات کے تعاون سے وہاں 25 جدید ڈائیلسس مشینیں نصب کی جا چکی ہیں۔
ڈاکٹر خلیل الرحمان کی جدہ آمد کے موقع پر پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ایک افطار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انہوں نے کڈنی سینٹر کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل سید مصطفی ربانی تھے۔
تقریب کا آغاز قاری آصف نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا جبکہ نعت رسولِ مقبولﷺ نواز جنجوعہ نے پیش کی۔
اس موقع پر شریف زمان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے پاکستان کڈنی سینٹر اور پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے قونصلیٹ کی نئی شاندار عمارت تیار ہو چکی ہے اور ان شاء اللہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کا 401 واں میڈیکل کیمپ اسی نئی عمارت میں منعقد کیا جائے گا۔