بحرين نے اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے لیے رضاکارانہ خدمات کا اعلان کیا ہے، تاکہ ایرانی حملوں کے خلاف قومی کوششوں میں معاونت کی جا سکے۔
مزید پڑھیں
قومی رضاکار پلیٹ فارم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکتِ بحرین کے خلاف ایرانی جارحانہ حملوں کے پیش نظر مختلف شعبوں میں رضاکاروں کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں رضاکار صحت، انجینئرنگ، لاجسٹکس، انتظامی، نگرانی اور دیگر شعبہ جات میں قومی ضرورت کے مطابق خدمات انجام دے سکیں گے۔
دوسری جانب وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر ہائی الرٹ پر ہے اور میزائلوں و ڈرون حملوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
اعلامیے کے مطابق مملکت پر حملوں کے آغاز سے اب تک 74 میزائل اور 95 ڈرون تباہ کیے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک تمام دفاعی کارروائیاں مؤثر انداز میں انجام دی گئی ہیں اور متعلقہ فیلڈ ٹیموں نے متاثرہ مقامات کو فوری طور پر محفوظ بھی بنایا ہے تاکہ شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور انتہائی ضرورت کے بغیر باہر نہ نکلیں۔ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ فوجی کارروائیوں کی ویڈیو بنانے یا افواہیں پھیلانے سے گریز کریں اور متاثرہ علاقوں کے قریب نہ جائیں۔
بحرین نے زور دیا ہے کہ شہری اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہے اور مملکت اپنی خودمختاری و سلامتی کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے۔