متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ آج بدھ 4 مارچ 2026 کو فضائی دفاعی نظام نے 3 بیلسٹک میزائل کامیابی سے تباہ کر دیے جبکہ 129 ڈرونز میں سے 121 مار گرائے گئے ، 8 ملکی حدود میں آ کر گرے۔
مزید پڑھیں
وزارت کے مطابق ایرانی جارحیت کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 189 بیلسٹک میزائل امارات کی طرف داغے گئے جن میں سے 175 کو تباہ کیا گیا، 13 سمندر برد اور ایک میزائل ملکی سرزمین پر آ گرا۔
اس دوران 941 ایرانی ڈرونز کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 876 کو روکا گیا جبکہ 65 ملک کے اندر گرے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 8 کروز میزائل بھی شناخت کر کے تباہ
کیے گئے تاہم ان سے کچھ ضمنی نقصانات ہوئے۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ ترین خبروں کے لیے یہاں کلک کریں
وزارت دفاع نے وضاحت کی کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی روک تھام اور لڑاکا طیاروں کی طرف سے ڈرون اور کروز میزائلوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں پیدا ہوئیں، جس سے بعض شہری تنصیبات کو معمولی اور درمیانے درجے کا مادی نقصان پہنچا۔
حملوں کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جن کا تعلق پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش سے تھا۔ اس کے علاوہ 78 افراد زخمی ہوئے جنہیں معمولی چوٹیں آئیں۔
زخمیوں میں اماراتی، مصری، سوڈانی، ایتھوپیائی، فلپائنی، پاکستانی، ایرانی، بھارتی، بنگلہ دیشی، سری لنکن، آذربائیجانی، یمنی، یوگنڈین، اریٹیریئن، لبنانی اور افغان شہری شامل ہیں۔