متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ آج پیر کو فضائی دفاعی نظام نے ملک کو نشانہ بنانے والے 9 بیلسٹک میزائل، 6 کروز میزائل اور 148 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ایرانی ’کھلی جارحیت‘ کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 174 بیلسٹک میزائل امارات کی جانب داغے گئے، جن میں سے 161 کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ 13 سمندر میں جا گرے۔
ایران، امریکہ جنگ: تمام خبریں ایک جگہ پر، کلک کریں
اسی طرح 689 ایرانی ڈرونز کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 645 کو مار گرایا گیا جبکہ 44 ڈرون ملک کی حدود میں گرے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ 8 کروز میزائل بھی تباہ کیے گئے، تاہم ان کے نتیجے میں کچھ ضمنی نقصان ہوا۔
ان حملوں کے باعث 3 افراد جاں بحق اور 68 معمولی زخمی ہوئے۔
وزارتِ دفاع نے واضح کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی روک تھام اور لڑاکا طیاروں کی جانب سے ڈرونز اور کروز میزائلوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں، جن کے باعث چند شہری تنصیبات کو معمولی اور درمیانے درجے کا مادی نقصان پہنچا۔