متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملکی فضائی دفاعی نظام نے ایران سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کی ایک نئی لہر کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔
مزید پڑھیں
وزارت کے مطابق تمام حملوں کو مؤثر انداز میں کامیابی سے روکا گیا اور کسی بڑے مادی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
وزارتِ دفاع نے کہا کہ مسلح افواج مکمل تیار اور چوکس ہیں۔ ریاست کی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیان میں زور دیا گیا ہے کہ شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور مہمانوں کی
حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ اس معاملے پر کوئی سمجھوتا اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ ترین خبروں کے لیے کلک کریں
وزارت نے مزید بتایا کہ فضائی دفاع کے ذریعے تباہ کیے گئے کچھ میزائلوں اور ڈرونز کے ٹکڑے ابوظبی اور دبئی کے مختلف علاقوں میں گرے، تاہم کسی مقام پر جانی نقصان نہیں ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کا حملہ قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ امارات اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے تاکہ ملک کی خودمختاری، امن اور استحکام برقرار رہے۔
وزارتِ دفاع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔