وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ 2025 کی چوتھی سہ ماہی کی بجٹ کارکردگی رپورٹ کے مطابق مملکت کی مجموعی حقیقی آمدن 1111 ارب ریال رہی، جن میں 505 ارب ریال غیر تیل (نان آئل) آمدن شامل ہے۔
مزید پڑھیں
اخبار 24 کے مطابق غیر تیل آمدن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ مالی سال کے اختتام پر مجموعی خسارہ 94.8 ارب ریال رہا۔
چوتھی سہ ماہی میں 276 ارب ریال آمدن حاصل ہوئی اور اسی عرصے میں اخراجات 371 ارب ریال رہے۔ سال 2025 کے دوران مملکت کے بجٹ کے حقیقی مجموعی اخراجات 1388 ارب ریال ریکارڈ کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوتھی سہ ماہی کے اختتام تک عمومی ریزرو کا حجم 399 ارب ریال سے تجاوز کر گیا، جبکہ ریاستی کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس 42.6 ارب ریال رہا۔
اسی طرح داخلی قرضہ 943.4 ارب ریال اور بیرونی قرضہ 575.7 ارب ریال تک پہنچ گیا، جس کے بعد مجموعی سرکاری قرضہ 1519 ارب ریال ریکارڈ کیا گیا۔
وزارتِ خزانہ کی رپورٹ میں حکومتی آمدن اور اخراجات کی تفصیلی درجہ بندی بھی پیش کی گئی ہے، جس میں ٹیکس اور فیسوں سے حاصل شدہ آمدن، ملازمین کے معاوضے، اشیا و خدمات کے استعمال، مالیاتی اخراجات، سبسڈیز و گرانٹس، سماجی فوائد اور غیر مالی اثاثوں پر سرمایہ جاتی اخراجات شامل ہیں۔