اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

یومِ تاسیس پر تاریخی جدہ میں شاندار ثقافتی تقریبات

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
(فوٹو: انٹرنیٹ)

یومِ تاسیس کی مناسبت سے تاریخی جدہ کی گلیاں اور بازار قومی رنگوں سے سجے نظر آئے، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے اس تاریخی موقع کو جوش و خروش سے منایا۔

مزید پڑھیں

تاریخی جدہ کی قدیم عمارتوں، ان کے روایتی روشن دان اور تاریخی فضا نے 3 صدیوں پر محیط سعودی ریاست کی گہری جڑوں کی یاد تازہ کر دی، جس سے پورا علاقہ ایک زندہ ثقافتی منظر پیش کرنے لگا۔

تقریبات کے دوران تاریخی جدہ کے میدانوں اور گلیوں میں خاندانوں، نوجوانوں و سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکا نے مملکت کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرنے والے روایتی لباس زیب تن کررکھے 

تھے، جس سے قومی یکجہتی اور ثقافتی تنوع کا خوبصورت منظر سامنے آیا۔

پروگرام میں ایسی سرگرمیاں شامل کی گئیں جن میں قدیم طرزِ زندگی کی جھلک دکھائی گئی ۔ اسی طرح فنی نمائشوں کے ذریعے سعودی ریاست کے ارتقا کے مختلف مراحل کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر یہاں کی عمارتوں کو تاریخی یادگاروں کو خصوصی برقی قمقموں سے آراستہ کیا گیاتھا، جس سے روشنی اور پتھر کی قدیم ساخت کے درمیان دلکش ہم آہنگی پیدا ہوئی۔

old jeddah 2
(فوٹو: انٹرنیٹ)

سوق العلوی، سوق الندیٰ اور دیگر معروف مقامات ایک بار پھر اپنی تاریخی رونق کے ساتھ آباد دکھائی دیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ جدہ تاریخی نے یومِ تاسیس کی خوشیوں کو منفرد رنگ دے دیا ہے۔ یہاں روایتی ملبوسات اور ثقافتی علامات کی بھرپور موجودگی نہ صرف اس کی قدیم شناخت کو اجاگر کرتی ہے بلکہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ سعودی معاشرہ اپنی جڑوں سے مضبوطی سے وابستہ ہے۔

تاریخی جدہ میں منعقدہ تقریبات کے معاشی اور سماجی اثرات بھی نمایاں رہے۔ بازاروں میں دستکاری کی اشیا اور مقامی کھانوں کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا، جس سے چھوٹے کاروبار اور ابھرتے ہوئے کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات پیش کرنے کا موقع ملا۔

اس سرگرمی نے جدہ تاریخی کو ایک نمایاں سیاحتی اور ثقافتی مقام کے طور پر مزید مستحکم کیا۔

واضح رہے کہ مملکت میں یومِ تاسیس کی تقریبات ہر شعبہ زندگی میں مختلف پروگراموں کے ساتھ جاری ہیں، جن کا مقصد قومی ورثے سے آگاہی بڑھانا اور نئی نسل کو تاریخی جڑوں سے جوڑنا ہے۔

یہ اقدامات اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ مملکت اپنے شاندار ماضی کو محفوظ رکھتے ہوئے ایک روشن مستقبل کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔