خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ’الجود منّا وفينا‘ کے عنوان سے ایک قومی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے 150 ملین ریال کے عطیات کا اعلان کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق یہ رقم ’جود الاسکان‘ پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد مملکت بھر میں مستحق خاندانوں کو مناسب رہائش کی فراہمی میں معاونت کرنا ہے۔
یہ اقدام قیادت کی جانب سے ان تمام قومی کاوشوں اور سماجی منصوبوں کی مسلسل سرپرستی کا حصہ ہے جو ضرورت مند خاندانوں کے لیے موزوں مکانات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔
اس مہم کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کو بھی فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
وزیر بلدیات و ہاؤسنگ اور فاؤنڈیشن برائے ترقیاتی ہاؤسنگ ’سکن‘ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین ماجد الحقيل نے اس موقع پر قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا مسلسل تعاون مملکت کے مختلف علاقوں میں مستحق خاندانوں کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی قومی کوششوں کو مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سخاوت مندانہ عطیات نے ترقیاتی ہاؤسنگ کے اہداف کے حصول میں مؤثر کردار ادا کیا اور معاشرے کے افراد اور اداروں کو بھی ’جود الاسکان‘ جیسے قابل اعتماد قومی پلیٹ فارم کے ذریعے عطیات دینے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
ماجد الحقيل کے مطابق یہ پلیٹ فارم سماجی یکجہتی، غیر منافع بخش کام اور انسانی خدمت کی ایک عملی مثال ہے، جس کے ذریعے ضرورت مند خاندانوں تک مدد پہنچائی جاتی ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ یہ عطیہ فاؤنڈیشن کے اہداف کے حصول میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا، کیونکہ یہ ایک ایسے معاشرتی نظام پر مبنی ہے جو اجتماعی عطیات کے ذریعے باعزت رہائش کی فراہمی، استحکام اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔