محکمہ موسمیات نے آج بدھ کے موسم سے متعلق اپنی رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ مملکت کے شمالی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ ان علاقوں اور مشرقی ریجن کے بعض حصوں میں دھند بننے کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق اسی طرح شمالی حدود، الجوف، تبوک، حائل اور مدینہ منورہ کے بعض حصوں کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ ریجن کے مشرقی حصوں میں تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا، جو گرد و غبار اُڑا سکتی ہیں۔
یہ اثرات القصیم، ریاض اور مشرقی ریجن کے بعض علاقوں تک بھی پھیل سکتے ہیں۔
محکمے نے بتایا ہے کہ بحرِ احمر پر سطحی ہوائیں شمالی مغربی سے شمالی سمت میں 20 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی اور وسطی حصوں میں چلیں گی جبکہ جنوبی حصے میں جنوب مشرقی سے جنوب مغربی سمت میں 15 سے 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں۔
شمالی اور وسطی حصوں میں لہروں کی بلندی ایک سے دو میٹر تک، جبکہ جنوبی حصے میں نصف میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک رہے گی، اور سمندر کی کیفیت ہلکی سے درمیانی موجوں والی ہوگی۔