وزارتِ حج و عمرہ نے رہائش کی سہولت فراہم نہ کرنے پر دو عمرہ کمپنیوں کو معطل کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کے حکام نے بتایا کہ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب معلوم ہوا کہ مصر سے آنے والے کچھ معتمرین کو طے شدہ پروگرام کے مطابق رہائش فراہم نہیں کی گئی۔
وزارت کے مطابق متعلقہ کمپنیوں نے معاہدے میں رہائش کی سہولت شامل کی تھی، لیکن معتمرین کے سعودی عرب پہنچنے پر انہیں منظور شدہ قیام گاہ نہیں دی گئی۔ یہ عمل ضوابط اور ہدایات کی واضح خلاف ورزی ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے کہا کہ وہ اس معاملے میں مصری وزارتِ سیاحت کے ساتھ مل کر بیرونِ ملک ایجنٹس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کر رہی ہے، جو ان کمپنیوں کے ساتھ معاہدے میں شامل تھے۔
دریں اثنا متاثرہ معتمرین کے لیے وزارت کی جانب سے فوری طور پر رہائش کا انتظام کیا گیا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ضابطے کے مطابق اور فوری طور پر کیے گئے تاکہ کسی کو مزید مشکل پیش نہ آئے۔
وزارت نے واضح کیا کہ عمرہ کمپنیوں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رہتا ہے، جس میں معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد معتمرین کو بہتر اور معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہے، جو وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے خبردار کیا کہ ضیوفِ رحمن کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تمام عمرہ کمپنیوں اور اداروں کو وزارت حج و عمرہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور معتمرین کو وہی خدمات فراہم کریں جو معاہدے میں شامل ہوں، تاکہ ان کا سفر محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔