نجران کے کھجور کی پیداوار میں اضافے کے لیے کسانوں نے درختوں کی پولینیشن کا سیزن شروع کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مرحلہ اس وقت شروع ہوتا ہے جب کھجور کا خوشہ نکلنا شروع ہوتا ہے، جسے مقامی زبان میں ’الجعاب‘ کہا جاتا ہے۔ اس عمل کے بعد علاقے میں نئے سیزن کی کھجور کی پیداوار کا باقاعدہ آغاز ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ نجران مختلف اقسام کی کھجوروں کے لیے مشہور ہے جن میں بیاض، مواکیل، برنی اور رطب شامل ہیں۔
کاشتکار احمد الصقور کے مطابق پولینیشن کا موسم ہر سال فروری سے مارچ تک جاری رہتا ہے جب کہ اس سے پہلے درختوں کی صفائی اور دیکھ بھال کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرانے خوشوں کی باقیات ہٹائی جاتی ہیں، اضافی پتے اور کانٹے صاف کیے جاتے ہیں اور تنے کے گرد اُگنے والی چھوٹی شاخیں، جنہیں فصائل (فصیل کی جمع) کہا جاتا ہے، کاٹ دی جاتی ہیں۔ یہ تمام کام کم از کم دو ہفتے پہلے مکمل کیے جاتے ہیں تاکہ درخت پولینیشن کے لیے تیار ہو سکے۔
واضح رہے کہ پولینیشن کا عمل ہاتھ سے کیا جاتا ہے، جس میں نر درخت سے اعلیٰ معیار کا پولن لے کر اسی قسم کے مادہ درخت میں ڈالا جاتا ہے۔ کسان اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ پولن اچھی مقدار میں ہو۔ جب پولن کے ذرات مادہ درخت میں ٹھیک طرح جم جاتے ہیں تو اسے کامیاب پولینیشن کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اقتصادی اور زراعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نجران میں یہ موسم کسانوں اور مقامی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس سے پیداوار میں اضافہ اور کھجور کے معیار میں بہتری آتی ہے۔
اس علاقے میں 2,696 ایکڑ رقبے پر 526 ہزار سے زائد بارآور کھجور کے درخت موجود ہیں اور سالانہ 40 ہزار ٹن سے زیادہ کھجور پیدا ہوتی ہے، جو مقامی منڈیوں میں فراہم کی جاتی ہے۔