سید مسرت خلیل
جدہ
سعودی عرب کے دورے پر آئے ہوئے الخدمت فاؤندیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے اعزاز میں جدہ اور ریاض میں پاکستانی کمیونٹٰی کی سماجی و فلاحی تنظیوں نے تعارفی و آگاہی تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔
ان مختلف تقریبات کی مختصر روداد قارئیں اوورسیزپوسٹ کی خدمت میں پیش ہے۔
مزید پڑھیں
جدہ میں سماجی رابطہ کمیٹی کے صدر اور فنانس سکریٹری پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب راجہ محمد ریاض نے پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ کے قونصل پریس محمد عرفان کی زیر صدارت کبابش ریسٹورینٹ میں پُروقار تقریب کا اہتمام کیا۔
قاری محمد آصف کی قرانِ پاک کی تلاوت و ترجمہ سے پروگرام کا آغاز ہوا۔
نعتِ رسولِ مقبول ﷺ محمد سلیم نے پیش کی۔
راجہ محمد ریاض نے میزبانی و نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور پروگرام میں شرکت کا شکریہ ادا کیا۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے الخدمت کا تعارف اور سرگرمیوں سے شرکا کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا قیام 1990 میں عمل میں آیا۔
الخدمت تعلیم، صحت، کفالت یتامٰی، صاف پانی، مواخات (بلا سود قرضوں کی فراہمی)، سماجی خدمات اور آفات سے بچاؤ کے شعبہ جات پر پوری توجہ سے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا اس تنظیم کے پیش نظر کار ہائے خیر میں سب سے نمایاں وقت آفات میں رضاکارانہ سرگرمیاں ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن اس وقت پاکستان کے 150 اضلاع میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔
محمد عرفان نے صدارتی خطاب میں کہا کہ الخدمت دکھی انسانیت کے لئے کام کر رہی ہے، اللہ تعالیٰ ان کا کاوشوں میں برکت دے۔
چوہدری محمد اکرم گجر اور کنور قطب الدین خان سابق صدر مسلم لیگ (قیوم )، سابق ممبر قومی اسمبلی ، بانی و چیئرمین آل راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن (اے آرآئی اے) نے بھی خطاب کیا۔
ینگ بروفیشنلز
اسی طرح ریاض میں ینگ پروفیشنلز کے زیر اہتمام صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سماجی کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی سفیان سہیل، ابراہیم سراج اور ڈاکٹر سید فرخ جمیل نے کی، جنہوں نے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ثاقب زبیر اور ابراہیم جٹ نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں تعلیم، صحت، صاف پانی اور سماجی بہبود کے شعبوں میں قابلِ قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کے مشن پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کی شمولیت نہایت ضروری ہے، کیونکہ یہی طبقہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کے پلیٹ فارم سے خدمتِ خلق کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور یوتھ کو آگے بڑھ کر ذمہ داری سنبھالنی چاہیے۔
مجلس پاکستان
ادھر ریاض میں ہی مجلس پاکستان کے زیر اہتمام ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے معزز افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک و قوم کا اثاثہ ہیں جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک میں ہنر مند افراد کو با اختیار بنانے کے لیے ’الخدمت بنو قابل پروگرام‘ کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ نوجوان جدید ہنر سیکھ کر بیرون ممالک میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہو سکیں۔
مجلس پاکستان کے صدر رانا عبد الرؤف نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی عوامی خدمات پر ان کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا کردار نہ صرف ترسیلات زر تک محدود ہے بلکہ فلاحی، سماجی اور تعلیمی شعبوں میں بھی ان کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔
ملک میں بے روزگاری کے خاتمے کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
تقریب سے رانا عمر فاروق، سید ثاقب زبیر، سعد عزیز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔