المجمعہ یونیورسٹی کی رصد گاہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک 1447ھ کے ہلال کا فلکیاتی اقتران — اُمّ القریٰ کلینڈر کے حساب سے منگل 29 شعبان 1447ھ بمطابق 17 فروری 2026ء کو سہ پہر 3 بج کر 03 منٹ پر ہوگا۔
جبکہ سعودی عرب کے متعدد مقامات پر ہلال، سورج کے غروب ہونے کے صرف دو منٹ بعد ڈوب جائے گا۔
مزید پڑھیں
العربیہ کے مطابق حوطہ سدیر رصد گاہ نے کہا ہے وہ اس دن ’17 فروری‘ رمضان المبارک کے ہلال کا مشاہدہ کرنے کی کوشش کرے گی اور رؤیت کے امکان سے متعلق سائنسی معلومات بھی پیش کرے گی۔
رصد گاہ نے کہا ہے کہ مكہ مكرمہ میں سورج شام 6 بج کر 20 منٹ پر غروب ہوگا جبکہ ہلال 6 بج کر 23 منٹ پر ڈوب جائے گا، یعنی غروبِ آفتاب کے بعد تقریباً تین منٹ تک افق پر موجود رہے گا۔
رصدگاہ کے مقام حوطة سدير میں سورج شام 5 بج کر 52 منٹ پر درجہ 257 پر غروب ہوگا جبکہ ہلال 5 بج کر 54 منٹ پر درجہ 256 پر غروب ہوگا اور اس کا قیام صرف دو منٹ کے لگ بھگ ہوگا۔
رصد گاہ نے بتایا کہ ہلال کی بلندی 0.5 درجے اور اس کا زاویۂ 1.61 درجے ہوگا۔
یہ فلکیاتی اعداد و شمار سائنسی معیارات کے مطابق رؤیت کے امکان کے تعین میں حسابات کی دقت کو ظاہر کرتے ہیں۔
رصد گاہ کی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ حوطہ سدیر میں چاند کا مشاہدہ کیا جائے گا، جو فلکیاتی تحری کے سلسلے میں اس کی سائنسی کاوشوں کا حصہ ہے تاہم ماہِ مبارک کے آغاز کا باضابطہ اعلان متعلقہ مجاز حکام ہی کریں گے۔