اسلامی دنیا ماہِ رمضان کے آغاز کی خوشخبری اور رویت ہلال کی منتظر ہے، اب تک تین ممالک نے سرکاری طور پر رمضان کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
سلطنتِ عمان کے بعد اب تركيہ اور سنگاپور نے بھی اعلان کیا ہے کہ جمعرات 19 فروری کو رمضان المبارک کا پہلا دن ہوگا۔
مزید پڑھیں
العربیہ کے مطابق بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے ایکس پر ترکیہ اور سنگاپور کے اعلان کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ ترکی ہجری مہینوں کے تعین میں پیشگی فلکی حسابات پر انحصار کرتا ہے اور ساتھ ہی ہلال کی رؤیت کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔
ترکی کی امورِ دینیہ کے ادارے نے واضح کیا ہے کہ منگل 17 فروری کو نہ تو عرب و اسلامی دنیا میں اور نہ ہی براعظم امریکہ میں کہیں بھی
ہلال کی رؤیت ممکن ہے لہٰذا یکم رمضان جمعرات کو مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح سنگاپور کی اسلامی امور کونسل جس کی سربراہی سرکاری منصب پر فائز مفتی سنگاپور کرتے ہیں اور جس کی پیروی تمام شہری کرتے ہیں، ملک کے اندر ہلال کی رؤیت کے امکان کے تعین کے لیے پیشگی فلکی حسابات اختیار کرتی ہے۔
چونکہ منگل کے روز سنگاپور میں غروبِ آفتاب سے پہلے چاند غروب ہو جائے گا، اس لیے وہاں بھی یکم رمضان 19 فروری مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری طرف سعودی ماہرِ موسمیات عبدالعزيز الحصينی نے امکان ظاہر کیا کہ یکم رمضان بدھ 18 فروری کو ہوسکتا ہے جبکہ سعودی ماہرِ فلکیات خالد الزعاق نے بھی اسی رائے کی تائید کی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان سمیت متعدد عرب اور اسلامی ممالک میں ہجری مہینے کے آغاز کے لیے ہلال کی رؤیت بنیادی شرط سمجھی جاتی ہے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ 17 فروری کو حلقوی سورج گرہن واقع ہوگا جو قطبِ جنوبی کے قریب دیکھا جا سکے گا تاہم یہ سعودی عرب یا عرب دنیا میں نظر نہیں آئے گا۔