برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم نے اپنے سعودی عرب کے دورے کے آخری روز (بدھ کو) تاریخی شہر العلا کا رخ کیا، جہاں انہوں نے قدرتی ذخیرہ گاہ کا دورہ کیا اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق جاری منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ شہزادہ ولیم ماحولیات کے شعبے میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے العلا میں جنگلی حیات کے تحفظ پر کام کرنے والے اہل کاروں سے خصوصی ملاقات بھی کی۔
اس کے علاوہ وہ پائیدار زراعت کے منصوبوں پر کام کرنے والے مقامی افراد سے بھی ملے، جہاں انہوں نے زمین کی بحالی سے متعلق پروگرامز کا مشاہدہ کیا۔
یاد رہے کہ العلا یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے، جو قدیم سنگِ ریگ کے پہاڑوں اور وادیوں کے درمیان واقع ہے۔ یہ مقام ماضی کے ادوار کے مقبروں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔
سعودی حکام گزشتہ برسوں سے العلا کو ایک نمایاں سیاحتی اور ثقافتی مقام کے طور پر فروغ دے رہے ہیں، جہاں پرتعیش سیاحت اور عالمی فنون کی نمائشوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
یہ عظیم منصوبے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ملک میں سیاحت کے شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔
سعودی عرب اور برطانوی شاہی خاندان کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں، جبکہ خلیجی ممالک میں سعودی عرب کو برطانیہ کا اہم شراکت دار بھی سمجھا جاتا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریاض کا آخری سرکاری دورہ شہزادہ ولیم کے والد شاہ چارلس سوئم نے 2014ء میں کیا تھا، جب وہ پرنس آف ویلز تھے۔